Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کی مالیت 44 ارب سے کم ہو کر 20 ارب ڈالر تک آگئی

ایلون مسک کے مطابق ٹوئٹر کو سالانہ تین ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تقریباً پانچ مہینے قبل ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد اب اس کی مالیت نصف سے بھی کم ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹوئٹر کی مالیت اب 20 ارب ڈالر تک رہ گئی ہے تاہم ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ نقصان پر قابو پا لیں گے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ملازمین کو ایک ای میل کے ذریعے آگاہ کیا کہ مالی مراعات کو کمپنی کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا اور ملازمین کو 20 ارب ڈالر کی مالیت کے مطابق سٹاک گرانٹس دینے کی پیشکش کی ہے۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر اپنے ملازمین کو ہر چھ ماہ میں اپنے حصص کے بدلے رقم لینے کی اجازت دے گا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کی مالیت میں بے رحمانہ بے قدری کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر کو ایسی شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کہ ایک موقع پر یہ دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا۔
سنیچر کو ایلون مسک نے ٹویٹ کیا تھا کہ ٹوئٹر کو سالانہ تین ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے سالانہ ایک ارب 50 کروڑ ڈالر آمدنی میں کمی اور اتنی ہی رقم کی قرضوں کی ادائیگی کا ذکر بھی کیا۔  
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس صرف چار ماہ کی رقم گئی ہے۔
مسک جو ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئر ہولڈر ہیں، نے کہا کہ ’یہ انتہائی سنگین صورتحال ہے۔‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ سال کی دوسری سہ ماہی میں اس پر قابو پا لیں گے۔
اکتوبر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد مسک نے ہزاروں ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔
ایلون مسک نے ای میل میں ملازمین سے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر کی مالیت کو 250 ارب ڈالر تک پہنچانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ مشکل تاہم واضح راستے پر گامزن ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ اس میں کتنا وقت لگ سکتا ہے۔  

شیئر: