Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کی شیخ منصور کو امارات کا نائب صدر نامزد ہونے پر مبارک باد

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں شیخ منصور کے تقرر پر انہیں دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ منصور بن زاید آل نہیان کو متحدہ عرب امارات کا نائب صدر نامزد ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں شیخ منصور بن زاید آل نہیان کے تقرر پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے انہیں دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘
شہباز شریف نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’میں دعاگو ہوں کہ ان کا تقرر متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے لیے کامیابی اورخوش حالی کا نیا باب ہو۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اعلٰی وفاقی کونسل کی منظوری سے شیخ منصور بن زاید آل نہیان کو امارات کا نائب صدر مقرر کیا ہے۔
 شیخ محمد بن راشد بھی امارات کے نائب صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ 
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق شیخ منصور نائب وزیراعظم اور وزیر ایوان صدارت کی حیثیت سے پہلے ہی سے کام کررہے ہیں۔
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے شیخ ھزاع بن زاید آل نہیان کو ابوظبی کا نائب حکمران مقرر کیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے یہ فیصلہ ابو ظبی کے حاکم کی حیثیت سے جاری کیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے شیخ طحنون بن زاید آل نہیان کو بھی ابو ظبی کا نائب حاکم تعینات کیے جانے کا فرمان جاری کیا ہے۔
اماراتی صدر نے ریاست ابوظبی کے حکمراں کی حیثیت سے شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان کو ابوظبی کا ولی عہد مقرر کیا۔ اس حوالے سے صدارتی فرمان جاری کردیا گیا ہے۔ 

شیئر: