Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 وزیراعظم شہباز شریف سے اماراتی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم نے حیات بائیوٹیک کی جانب سے ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا (فائل فوٹو: اے پی پی)
حیات بائیوٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمراں خاندان کے رکن شیخ احمد دلموک المکتوم نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
جمعے کو وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
’پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔‘
وزیراعظم نے حیات بائیوٹیک کی جانب سے پاکستان کے فارماسوٹیکل سیکٹر بالخصوص ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے دورہ کرنے والے وفد کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دی اور یقین دلایا کہ ’غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔‘
اس موقعے پر شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ ’وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے آگاہ ہیں۔ متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔‘
انہوں نے وزیراعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے شروع کیے گئے 1200 میگاواٹ پاور پلانٹ کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا جو شمسی اور ہوا سے توانائی کا ایک ہائبرڈ پاور پلانٹ ہوگا۔
 ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ 

شیئر: