Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کا ریگولر حج سکیم کے تحت تمام درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس سال حج کے لیے ریگولرسکیم کے تحت 44 ہزار 190 کا کوٹہ تھا (فوٹو: اے پی پی)
حکومت نے ریگولر حج سکیم کے تحت تمام 72 ہزار 869 درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس بات کا اعلان جمعرات کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس برس حج کے لیے ریگولرسکیم کے تحت 44 ہزار 190 کا کوٹہ تھا۔ رواں برس حج کے لیے 72 ہزار 869 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ کوٹے سے تقریباً 37 ہزار زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ قرعہ اندازی کے بغیر درخواستیں دینے والے تمام 72 ہزار 869 عازمین کوبھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت اوروزیر مذہبی امور کی خواہش پر اقدام اٹھایا گیا ہے۔ اس کے لیے اضافی وسائل اور زرمبادلہ کی ضرورت ہو گی۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ درخواستیں دینے والے تمام عازمین کو اجازت دینے پر وزیر خزانہ کے شکرگزار ہیں۔ ’پاکستان سمیت پوری دنیا میں اس وقت معاشی بحران ہے۔ امید ہے پاکستان کے اچھے دن دوبارہ آئیں گے، ملک ترقی کرے گا اورخوشحال ہو گا۔‘
اس سے قبل مارچ میں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دی تھی جس کے تحت رواں برس پاکستان سے مکمل کوٹے کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس کا سفر کریں گے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سعودی حکام سے جلد از جلد رابطہ کر کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ 
اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے حکام نے کابینہ کو بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے سالانہ حج معاہدے کے مطابق پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 نشستوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
تازہ ترین حج پالیسی کے تحت یہ کوٹہ سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیموں کے درمیان یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں (سرکاری اور پرائیویٹ) سکیموں کے تحت سپانسر شپ سکیم کے لیے 50 فیصد کا کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

شیئر: