Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم بی بی ایس کے 16 برس بعد بھی نو ہزار روپے تنخواہ لینے والا ڈاکٹر

ڈاکٹر سدھیر کمار نے کہا کہ ان کی والدہ کو اس تنخواہ پر کافی تحفظات ہوتے تھے۔ (فوٹو: ڈاکٹر سدھیر کمار ٹوئٹر)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انڈین شہر حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی ایم بی بی ایس کرنے کے 16 سال بعد بھی نو ہزار روپے تنخواہ تھی۔
ڈاکٹر سدھیر کمار جو اپولو ہسپتال میں نیورولوجسٹ ہیں، نے ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے صرف ضرورت کے مطابق زندگی گزارنا سیکھا ہے کہ ڈاکٹر کی زندگی کفایت شعاری پر مبنی ہونی چاہیے۔
اپنی ٹویٹ میں ڈاکٹر سدھیر کمار کہتے ہیں کہ ’میں 20 سال پہلے جوان ڈاکٹر تھا۔ ڈی ایم نیورولوجی کرنے کے چار سال بعد میری تنخواہ سنہ 2004 میں نو ہزار روپے ماہانہ تھی۔ یہ ایم بی بی ایس کرنے کے 16 سال بعد تھی۔ میں نے اپنے پروفیسرز سے سیکھا کہ ڈاکٹر کی زندگی کفایت شعاری کی ہونی چاہیے اور انہیں کم سے کم اخراجات پر راضی رہنا چاہیے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی والدہ کو اس تنخواہ پر کافی تحفظات ہوتے تھے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں اس تنخواہ سے خوش تھا تاہم میری والدہ کافی ناراض ہوتی تھیں کہ میں اپنے والد جتنی تنخواہ لیتا ہوں جو کہ سرکاری دفتر میں چپڑاسی تھے۔ میری والدہ مجھے 12 گھنٹے پڑھتے ہوئے دیکھتی تھیں اور اس کے بعد بھی ایم بی بی ایس، ایم ڈی اور ڈی ایم کے 12 سال بھی گزر گئے۔ آپ میری والدہ کا درد اور دکھ سمجھ سکتے ہیں۔‘
ڈاکٹر سدھیر کمار کا کہنا تھا کہ جب وہ پڑھتے تھے تو انہیں کوئی بھی ملنے نہیں آتا تھا۔
ایم بی بی ایس کے دوران اپنے حالات بتاتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ’ایم بی بی ایس کے وقت میرے پاس کپڑوں کے صرف دو جوڑے تھے۔ میں سینیئرز سے پرانی کتابیں ادھار لیتا تھا۔ کبھی کسی ریستوران میں نہ کھانا کھایا نہ فلمیں دیکھیں۔ کبھی سگریٹ پی اور نہ شراب نوشی کی۔‘
ڈاکٹر سدھیر کمار کے اس ٹویٹ کے جواب میں منجاری بگچی کہتی ہیں کہ ’یہ واقعی بہت کم تنخواہ تھی۔ اس وقت پی ایچ ڈی سٹوڈنٹ آٹھ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ لے رہے تھے۔‘
دھیرج لعل خان پارہ کہتے ہیں کہ ’ڈاکٹر مجھے لگتا ہے کہ کوئی غلطی ہوئی ہے۔ یہ نوے ہزار ماہانہ ہو گی۔ 20 برس قبل ڈاکٹروں کی تنخواہ اتنی بری نہیں تھی۔‘
ٹوئٹر ہینڈل ہیلتھی باڈی مائنڈ نے لکھا کہ ’آپ نے اتنی کم تنخواہ پر کیوں کام کیا؟ کیا سی ایم سی ویلور سے پیار تھا؟ اس وقت مارکیٹ ریٹ اتنے تو کم نہیں تھے۔‘

شیئر: