Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈکپ 2023: پہلی مرتبہ تمام ٹیموں کے کپتان نئے ہوں گے

رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ 18 جون سے 9 جولائی تک زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
رواں سال اکتوبر تا نومبر انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بارے میں ایک دلچسپ حقیقت سامنے آ رہی ہے کہ اس بار کے میگا ایونٹ میں تمام ٹیموں کے کپتان پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کپتانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
2019 میں انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈ کپ میں جن کھلاڑیوں نے اپنی ٹیموں کی کپتانی کی تھی ان میں سے ممکنہ طور پر کوئی بھی کھلاڑی رواں برس اپنی ٹیم کی کپتانی نہیں کرے گا۔
2023  میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے میزبان انڈیا سمیت دفاعی چیمپیئن انگلینڈ، پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش، آسٹریلیا نے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ سری لنکا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سمیت بقیہ ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔
اگر 2019 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کی ٹیموں کے کپتانوں کی بات کی جائے تو اس میں انڈیا کی کپتانی وراٹ کوہلی نے کی تھی جبکہ رواں برس انڈیا کے کپتان روہت شرما ہوں گے۔
اسی طرح انگلینڈ 2019 میں کپتان اوئن مورگن کی قیادت میں ورلڈ چیمپیئن بنا تھا تاہم اس مرتبہ انگلینڈ کی کپتانی جوز بٹلر کے ہاتھ میں ہوگی۔
گزشتہ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد تھے لیکن اس مرتبہ ان کی جگہ ٹیم کی قیادت سٹار بیٹر بابر اعظم کریں گے۔
پچھلے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کھیلنے والی آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی ایرون فنچ نے کی تھی جبکہ اس مرتبہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز میگا ایونٹ میں کینگروز کو میدان میں اتاریں گے۔
اگر گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ کی بات کی جائے اس میں ان کی کپتانی کین ولیمسن نے کی تھی۔

کین ولیمسن جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے افتتاحی میچ میں زخمی ہو کر ایوںٹ سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد کیوی ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کر رہے ہیں۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق کین ولیمسن ممکنہ طور پر ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو سکتے ہیں جس کے بعد بلیک کیپس کو ٹام لیتھم کیپٹن کریں گے۔
گزشتہ میگا ایوںٹ میں افغان ٹیم کی کپتانی آل راؤنڈر گل بدین نائب نے کی تھی لیکن اس مرتبہ ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ میں افغانستان کی کمان حشمت اللہ شاہدی کی پاس ہوگی جبکہ گزشتہ ایونٹ میں مشرفی مرتضٰی کے مقابلے میں تمیم اقبال بنگلہ دیش کو لِیڈ کریں گے۔
اگر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرتے ہیں تو ان کی کپتانی بالترتیب داسن شناکا اور شائے ہوپ کریں گے جبکہ پچھلے ورلڈ کپ میں دیموتھ کرونارتنے اور جیسن ہولڈر اپنی اپنی ٹیم کے کپتان تھے۔
جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ میں رسائی کے امکانات روشن ہیں تاہم اگر آئر لینڈ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے تمام میچز جیت کر آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے ٹیبل میں منفی 0.382 سے بہتر کر کے منفی 0.076 کر لیتا ہے تو جنوبی افریقہ کو بھی کوالیفائنگ راؤنڈ کھلینا پڑے گا۔
واضح رہے رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ 18 جون سے 9 جولائی تک زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں میزبان زمبابوے کے علاوہ سری لنکا، ویسٹ انڈیز، نیدرلینڈز، نیپال، عمان، سکاٹ لینڈ، امریکہ، یو اے ای اور آئر لینڈ یا جنوبی افریقہ میں سے کوئی ایک ٹیم حصہ لے گی۔
ایونٹ میں پہلی ٹاپ دو ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

شیئر: