پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سری لنکا کے خلاف اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے سکواڈ میں چار کھلاڑیوں کو شامل کر لیا ہے جن میں تین نئے نام بھی شامل ہیں۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق 19 سالہ نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر اور 31 سالہ ثاقب خان کو پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ تجربہ کار آل راؤنڈر عامر جمال کی بھی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
راولپنڈی میں پیر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم پاکستان کے لیے سازگار پچ کی توقع کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
تعلیمی و قومی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں 727 رنز بنانے والے 20 سالہ بیٹر طیب عارف کو بھی 16 رکنی سکواڈ میں جگہ مل گئی ہے۔
دوسری جانب بیٹر عبداللہ فضل اور سپنر علی عثمان کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
نو ٹیسٹ میچوں کا تجربہ رکھنے والے عامر جمال کی ٹیم میں واپسی اگست کے دورہ انگلینڈ کے بعد ہوئی ہے جہاں ناکامی کے بعد انہیں گھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 3-0 کی شکست کے بعد قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
Update on Pakistan Test squad Details here https://t.co/TCcv9DXkX7 #PAKvSL | #PakistanCricket https://t.co/VWlMnldpAF
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 7, 2026
یہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کی رینکنگ میں اس وقت پاکستان نویں اور آخری جبکہ سری لنکا ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کا 16 رکنی سکواڈ:
بابراعظم (کپتان)، عامر جمال، علی شبیر، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، غازی غوری، محمد سلیمان، محمد طٰہٰ، طیب عارف، رضا اللہ، سعد بیگ، سلمان آغا، سمیر منہاس، ثاقب خان اور سعود شکیل۔












