Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور والوں میں جنون کم ہوتا جا رہا ہے: عمران خان کا شکوہ

عمران خان نے شکوہ کیا کہ ’پشاور مجھے کمزور نظر آرہا ہے۔‘ (فوٹو: فیس بک عمران خان)
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیر کو زمان پارک لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پشاور والوں میں جنون کم ہوتا جا رہا ہے۔‘
عمران خان کی حفاظت کے لیے مختلف شہروں سے کارکنوں کی بڑی تعداد رمضان میں زمان پارک کے باہر موجودہ ہے۔ کارکنوں کی حوصلہ افزائی کے لیے عمران خان افطاری کے اوقات میں کارکنوں کے لیے قائم کیمپ میں شرکت کر کے افطاری کرتے ہیں۔‘
عمران خان کیمپ میں موجود  کارکنوں سے وقتاً فوقتاً خطاب بھی کرتے ہیں۔ اتوار کے روز کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے پشاور کے کارکنوں سے شکوہ کیا اور کہا کہ ’پشاور مجھے کمزور نظر آرہا ہے، مجھے لگ رہا ہے پشاور میں جنون کم ہوتا جا رہا ہے۔‘ 
عمران خان نے اس کے بعد ضلع مردان کے کارکنوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’مردان میں مجھے تھوڑی جان نظر آرہی ہے۔‘ جبکہ گجرانوالہ کے کارکنوں کی تعریف کی اور کہا کہ مارچ کے دوران گجرانوالہ کے کارکنوں نے بھرپور شرکت کی تھی۔
عمران خان کے شکوے پر  پشاور سے تعلق رکھنے والے کارکن اداس نظر آئے اور انہوں نے اس کا ذمہ دار قیادت کو قرار دیا۔ 
پشاور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کارکن جنید خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پشاور تحریک انصاف کی قیادت زمان پارک میں صرف حاضری لگانے جاتی ہے تصاویر نکال کر پھر غائب ہوجاتے ہیں۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے خطاب کے بعد واپسی پر کارکنوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی کیونکہ اس دن پی ٹی آئی کے عہدیدار موجود نہیں تھے۔
پی ٹی آئی کے ایک اور کارکن صفی اللہ نے اردو نیوز سے کہا کہ ’زمان پارک میں کارکن موجود ہوتے ہیں مگر قیادت نظر نہیں آتی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’زمان پارک پر پولیس کی کارروائی کے وقت پشاور انصاف یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے بھرپور مزاحمت کی تھی۔‘ 
نوجوان کارکن صفی اللہ کے مطابق ’سابق ایم این اے شوکت علی، سابق ایم پی اے اشتیاق ارمڑ، سابق گورنر شاہ فرمان سمیت دیگر قائدین ورکرز کو زمان پارک لانے میں ناکام ہوئے ہیں۔‘ 
سابق صوبائی وزیر کامران بنگش نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ پشاور ریجن سے تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان ہروقت زمان پارک میں موجود ہوتے ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’جس دن عمران خان نے یہ خطاب کیا اس دن کیمپ میں جانے کے لیے صرف 20 کارکنوں کو پاس جاری ہوئے جس کی وجہ سے یہ تاثر ملا کہ پشاور سے نمائندگی کم ہے حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں۔‘
کامران بنگش کے مطابق شیڈول کے مطابق ہر ضلع سے قیادت اور کارکنان زمان پارک جاتے ہیں۔ عید کے لیے ہر ضلع سے 50 کارکنان زمان پارک جائیں گے، تاہم قیادت کے لیے کوئی ہدایت جاری نہیں ہوئی۔

شیئر: