Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چنئی سپر کنگز کے کپتان دھونی آئی پی ایل سے ریٹائر ہورہے ہیں؟

دھونی نے اگست 2020 میں ہر طرح کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق انڈین کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بھی ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔
اتوار کی رات کلکتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف 49 رنز سے میچ جیتنے کے بعد چنئی سُپر کنگز کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ایڈن گارڈنز گراؤنڈ میں تماشائیوں کے حوالے سے کہا کہ ’میں بڑی تعداد میں ان کے یہاں آنے اور سپورٹ کرنے پر شکرگزار ہوں۔ ان میں سے بہت سارے لوگ اگلی مرتبہ یہاں کلکتہ نائٹ رائڈرز کی شرٹس پہن کر آئیں گے۔‘
کلکتہ نائٹ رائڈرز کے ہوم گراؤنڈ میں چنئی سُپر کنگز کے کپتان کا تماشائیوں کی سپورٹ کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’یہ لوگ مجھے الوادع کہنے کی کوشش کررہے ہیں اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
دھونی کے اس بیان کے بعد اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ شاید انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اگلے سال آئی پی ایل کا بحیثیت کھلاڑی حصہ نہیں ہوں گے۔
ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ انڈیا کے سابق کپتان نے آئی پی ایل سے دستبرداری کے حوالے سے کوئی بیان دیا ہو۔
اس سے قبل سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ کے بعد بھی انہوں نے کہا تھا کہ ’میں اپنے کیریئر کے آخری حصے میں ہوں۔‘
خیال رہے دھونی نے اگست 2020 میں ہر طرح کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
دھونی کی کپتانی میں انڈیا نے 2007 میں ٹی20 ورلڈ کپ، 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ اور 2013 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔

شیئر: