سعودی خاتون کوہ پیما راہا محرک کا ماؤنٹ ایورسٹ دوبارہ سر کرنے کا اعلان
سعودی خاتون کوہ پیما راہا محرک کا ماؤنٹ ایورسٹ دوبارہ سر کرنے کا اعلان
جمعہ 28 اپریل 2023 21:59
مئی 2013 میں راہا محرک ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنی والی پہلی سعودی خاتون بنیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا میں کوئی بھی پہاڑ اکیلے سر نہیں کرتا۔ چاہے آپ اپنے کیریئر کے عروج پر ہوں یا نئے نئے سیکھ رہے ہوں، ہمیشہ آپ کے ساتھ ایک ایسا مدد گار ہاتھ ضرور ہوتا ہے جو آپ کو وہ سب حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے جسے آپ کبھی ناممکن سمجھتے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق مئی 2013 میں راہا محرک دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤںٹ ایورسٹ سر کرنی والی پہلی سعودی خاتون بنی تھیں۔
اب 10 برس بعد وہ دو نوجوان خواتین کو اپنا خواب پورے کروانے کے لیے مدد فراہم کریں گی جس کے لیے وہ دنیا کی سب سے بلند چوٹی سر کرنے کے لیے دوبارہ مہم پر روانہ ہوں گی۔
راہا محرک نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب سے میں اس سفر کے بارے میں سوچ رہی ہوں، مجھے علم تھا میں صرف سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے لیے ایورسٹ پر واپس نہیں جا سکوں گی۔ اگر مجھے واپس جانا ہے تو مجھے اسے کچھ دینا بھی ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یاد ہے اس کے لیے سپانسر ڈھونڈنا کتنا مشکل تھا، کتنا مشکل تھا کہ کوئی میرا وسیلہ بنے، میں اب وہ بننا چاہتی تھی۔‘
’میں وہ روشنی بننا چاہتی تھی جس کی کبھی مجھے اشد ضرورت تھی، تاکہ میں یہ روشنی آنے والی نسل میں منتقل کر سکوں۔‘
نوجوان خواتین کو اس کام میں لانے کے لیے محرک نے معروف برینڈ ایڈی ڈاز کے ساتھ مل کر ملک بھر میں مقابلوں کا انعقاد کیا۔
اس میں ہزاروں امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں جس میں دو امیدواروں کو مہم کے لیے چُنا گیا جن کا تعلق یو اے ای سے ہے۔
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’واپس جانا نہایت عمدہ بات ہے لیکن کچھ واپس کرنا بھی انتہائی عمدہ ہے۔ میں سمجھتی ہوں یہ اس کام کا بہترین انجام ہے۔‘
’کسی کے خوابوں کے لیے دروازے کھولنا میری ہمیشہ سے ہی آرزو رہی ہے۔ میں ہمیشہ سے سٹوری ٹیلر بننا چاہتی تھی۔‘
محرک اپنے ساتھ ساتھ اپنے والد، جو ان کی ماؤںٹ ایورسٹ کی مہم کے لیے مسجد میں دعا کرتے تھے، انہیں اپنے ساتھ جاپان میں واقع ماؤنٹ فُوجی پر بھی لے کر جانا چاہتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میں دوسروں کی مدد کر کے اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔ جیسے لوگوں نے میری مدد کی ہے۔ میرا خواب ہے کہ میں بامقصد زندگی گزاروں اور یہی میرا بڑا مقصد ہے۔‘