Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعات میں اضافہ، امریکی فوج نے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا

گزشتہ چند سالوں میں امریکی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹرز گر کر تباہ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعات تواتر سے پیش آنے کے بعد آرمی کے چیف آف سٹاف نے پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چند ہفتوں کے دوران امریکی فوج کے چار ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوئے ہیں جس کے بعد ان تمام پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا ہے جو کسی اہم مشن کا حصہ نہیں۔
جمعرات کو دو اپاچی ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہے۔
دو ہفتے قبل ریاست کینٹکی میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوئے تھے جس میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف سٹاف جنرل جیمز میک کونویل کے احکامات کے مطابق تمام پائلٹس ضروری ٹریننگ مکمل کرنے تک ہیلی کاپٹر نہیں اڑا سکیں گے۔
بیان کے مطابق امریکی آرمی رسک مینجمنٹ یعنی خطرات سے بچنے کے نظام، طیاروں کی دیکھ بھال کے ٹریننگ پروگرام، فضائی عملے کی ٹریننگ اور دیگر عوامل کا جائزہ لے گی۔
گزشتہ چند برسوں میں امریکی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹر اور طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔ رواں سال فروری میں ٹریننگ فلائٹ کے دوران ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
گزشتہ سال ناروے میں نیٹو کی مشقوں کے دوران وی22 بی اوسپرے طیارہ ممکنہ طور پر پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوا تھا جس میں چار امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
سال 2021 میں ٹریننگ کے دوران ٹی 45سی گو شاک جیٹ طیارہ ٹیکساس کے رہائشی علاقے میں گر  گیا تھا تاہم نیوی کے دو پائلٹس حادثے میں بچ گئے تھے۔ طیارہ گرنے سے پہلے ہی پائلٹس نے پیرا شوٹ کی مدد سے چھلانگ لگا دی تھی۔

شیئر: