Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرحدی اوراقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر10 ہزارسے زائد غیرملکی گرفتار

غیرقانونی افراد کوٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر10 افراد کوبھی گرفتارکیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 دنوں میں سیکیورٹی اہلکاروں نے مملکت کے مختلف علاقوں میں قانون محنت ،اقامہ اورسرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر10  ہزار سے زائد غیرملکیوں کوگرفتارکیا گیا گیاہے۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی یاغیرقانونی تارکین کونقل وحمل اورروزگاریا قیام کی سہولت فراہم کرنا قانونی طورپرسنگین جرائم میں شمارکیا جاتا ہے۔
سرحدی قانون کے مطابق غیرقانونی تارکین کونقل وحمل یا روزگار کی سہولت فراہم کرنے والے کو15 برس قید اور10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا دی جاتی ہے علاوہ ازیں اس گاڑی کوبھی بحق سرکارضبط کرلیا جاتا ہے جسے دراندازوں کو لے جانے کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔
وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے امن عامہ کی جانب سے جاری ہفتہ واری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 20 اپریل سے 26 اپریل 2023 تک مملکت کے مختلف علاقوں سے سیکیورٹی اہلکاروں نے 10 ہزار 606 غیرقانونی افراد کوحراست میں لے کرانہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کیا۔
گرفتار کیے جانے والوں میں سے 5 ہزار 620 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 3 ہزار 825 کو سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پرگرفتار کیا ۔ ایک ہزار161 غیرملکیوں کو قانون محنت کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

دراندازوں میں 25 فیصد یمنی اور74 فیصد ایتھوپی باشندے شامل ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مملکت آنے والے غیرملکیوں میں 25 فیصد یمنی ، 74 فیصد ایتھوپی اور ایک فیصد مختلف قومیتوں کے تارکین شامل تھے جبکہ 29 افراد کوغیرقانونی طورپرمملکت سے باہر جانے کے لیے سرحد عبورکرنے کی کوشش کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔
غیرقانونی افراد کونقل وحمل اورروزگار کی سہولت فراہم کرنے پر10 افراد کو بھی گرفتارکیا گیا ہے جن کے خلاف پردہ پوشی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اس وقت تفتیشی سینٹرز میں 23 ہزار 206 غیرقانونی افراد موجود ہیں جن میں سے 19 ہزار 566 مرد اور3 ہزار 640 عورتیں شامل ہیں۔

شیئر: