Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو کون گرفتار کرنا چاہتا ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی آج کل محکمہ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر ہیں۔
گذشتہ دنوں پرویز الٰہی نے اپنے خلاف درج ایک مقدمے میں لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کروائی جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔
کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی اس کشمکش میں محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کی معاونت کرتے ہوئے پولیس پرویز الٰہی کے گھر کا داخلی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی، تاہم پرویز الٰہی پولیس کو چکمہ دے کر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
اینٹی کرپشن حکام میڈیا کو بتاتے رہے کہ ان کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ پرویز الٰہی گھر کے اندر ہی موجود ہیں تاہم پورے گھر کی تلاشی کے باوجود وہ  ہاتھ نہ آئے۔
اس ریڈ کو مختلف حلقوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
خود پرویز الٰہی کی جانب سے ایک بیان میں یہ کہا گیا کہ ’عدالت کی طرف سے ضمانت دیے جانے کے باوجود ان کی گرفتاری کے لیے بغیر وارنٹ چھاپہ مارنا ایک غیرقانونی عمل تھا۔‘
پیر کو رات گئے گجرات میں بھی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ گرفتار نہیں ہوئے۔ البتہ منگل کے روز وہ لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے اور دو مقدمات میں اپنی ضمانت کروائی۔
چوہدری پرویز الٰہی کے گھر ریڈ پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ایسے بیانات سامنے آئے جیسے وہ ان معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہوں۔

چوہدری پرویز الٰہی کے گھر ریڈ پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنما لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)

سابق وزیراعلٰی کے گھر پر ہونے والے ریڈ میں ایسی صورت حال بھی سامنے آئی کہ پولیس چوہدری شجاعت حسین کے گھر بھی چلی گئی اور وفاقی وزیر چوہدری سالک گھر کے شیشے ٹوٹنے سے زخمی بھی ہوئے۔
صوبے کے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی جو ان دنوں عمرہ پر ہیں نے بیان جاری کیا کہ ’کسی کو بھی کسی غیرقانونی اقدام کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں تاحال مدینہ میں مقیم ہوں، تاہم تمام تفصیلات حاصل کررہا ہوں۔‘
’یہ جان کر افسوس ہوا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم نے چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں چوہدری سالک حسین زخمی ہوگئے۔‘
نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ’قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔‘
چوہدری پرویز الٰہی پر مقدمات ہیں کیا؟
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی پر اس وقت کرپشن کے تین مقدمات درج ہیں۔
 

عمرے پر موجود نگراں وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ وہ پرویز الٰہی کے گھر پر ریڈ کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں‘ (فائل فوٹو: پروفٹ ٹوئٹر)

ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب شاہدہ ترین نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’سہیل نامی ایک شخص کو کچھ عرصہ پہلے ایک ٹھیکے میں کروڑوں روپے رشوت لینے پر گرفتار کیا تو اس کے انکشافات پر چوہدری پرویز الٰہی پر بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ’محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم اسی کیس میں گرفتاری کے لیے گئی تاہم انہوں نے قانون کے سامنے سرنڈر نہیں کیا۔‘
’چوہدری پرویز الٰہی پر ایک مقدمہ محمد خان بھٹی کے بیانات پر درج کیا گیا جس میں چوہدری پرویز الٰہی پر دو ارب روپے سے زائد کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات ہیں۔‘
اب کے مطابق ’اسی طرح کا ایک مقدمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں کرپشن کے الزامات پر ہے۔‘
’چوہدری پرویز الہی نے سہیل اصغر والے مقدمے میں ضمانت نہیں کروائی تھی اور اسی میں انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ باقی دو مقدمات میں وہ پہلے ہی ضمانت پر تھے۔‘

پرویز الٰہی منگل کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے اور دو مقدمات میں ضمانت کروائی (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)

خیال رہے کہ ریڈ کے دوران مزاحمت کے الزام پر پولیس نے چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے ملازمین کے خلاف دہشت گردی کا پرچہ بھی درج کر لیا ہے۔
اب ان پر مجموعی طور پر چار مقدمات ہیں، تاہم منگل کے روز عدالت نے انہیں ان دو مقدمات میں بھی حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔
گرفتاری کون چاہتا ہے؟
محکمہ اینٹی کرپشن سے جب یہ سوال کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور دیگر سیاسی پارٹیاں چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے سے خوش نہیں ہیں تو چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کسے مطلوب ہے؟‘
اس پر محکمے کی ترجمان شاہدہ ترین کا کہنا تھا کہ ’یہ تاثر سراسر غلط ہے۔ اس وقت جتنے ثبوت چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف موجود ہیں ان کی عبوری ضمانت بھی منسوخ ہو جائے گی۔ کوئی بھی چھاپہ یا مقدمہ غیر قانونی نہیں ہے۔‘
شاہدہ ترین نے مزید بتایا کہ ’قانون اپنی راستہ خود بنائے گا، یہ کرپشن کے سنجیدہ کیسز ہیں اور محکمہ صرف اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔‘

شیئر: