پاکستانی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس نے بحیرہ عرب میں انڈیا کے ایک تجارتی بحری جہاز ایم وی گوتم کی جانب سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کال پر فوری کارروائی کی۔
جہاز پر چھ انڈین اور ایک انڈونیشیائی سمیت عملے کے سات ارکان سوار تھے۔ جہاز عمان سے انڈیا جاتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گیا تھا۔
میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی) ممبئی نے پاکستانی حکام سے ہنگامی امداد کے لیے رابطہ کیا۔
اطلاع موصول ہوتے ہی پاکستانی بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے فوری اور مربوط آپریشن کا آغاز کیا۔
ترجمان پاکستانی بحریہ کا کہنا ہے کہ مناسب حکمتِ عملی اپناتے ہوئے پی ایم ایس اے کے جہاز ’کشمیر‘کی فوری تعیناتی کو یقینی بنایا گیا۔
’پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے متاثرہ جہاز کو بروقت امداد فراہم کرتے ہوئے عملے کے لیے خوراک اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے علاوہ جہاز کے سسٹمز کو بحال کرنے میں تکنیکی معاونت بھی فراہم کی۔‘
ترجمان کے مطابق ’پاکستانی بحریہ کا یہ فوری اور مؤثر آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔‘
’یہ آپریشن پاکستانی بحریہ کے ایک ذمہ دار اور باصلاحیت بحری قوت ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اپنی ذمہ داری کے دائرہ کار میں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔‘