سعودی عرب، امارات سمیت دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی سروس بحال
دو مئی کو بتایا گیا تھا کہ محکمہ پاسپورٹ کے سسٹم میں کوئی فنی خرابی پیدا ہو گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمۂ پاسپورٹ کے مطابق سسٹم میں آنے والی خرابی دور کر لی گئی ہے اور دنیا بھر میں پاسپورٹ کے اجرا کی سروس بحال ہو گئی ہے۔
فنی خرابی کے باعث چار روز قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یورپ سمیت بعض دیگر ممالک میں پاکستانی پاسپورٹس کے اجرا کا آپریشن معطل ہوا تھا۔
ڈی جی پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ہیڈکوارٹرز نے فنی مسئلہ حل کر لیا ہے۔
اسی طرح سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستان کے سفارت خانوں کی جانب سے بھی بیانات جاری کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مطلع کیا جاتا ہے کہ سفارت خانے پر پاسپورٹ سے متعلق سروسز پانچ مئی کو بحال ہو گئی ہیں اور اب درخواست گزار پاسپورٹ سے متعلق معاملات کے لیے آ سکتے ہیں۔‘

اسی طرح متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ابوظبی میں پاکستان کے سفارت خانے میں پاسپورٹ کی سروس بحال ہو گئی ہے، اس لیے تمام درخواست گزار پاسپورٹ کی تجدید یا اجرا کے لیے مقررہ وقت کے دوران تشریف لا سکتے ہیں۔‘
خیال رہے دو مئی کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتی مشنز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہیڈ کوارٹر میں ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث پاسپورٹ کے اجرا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

اس کے بعد ان لاکھوں پاکستانیوں کے لیے خدشات پیدا ہو گئے تھے جن کے ویزوں یا اقاموں کی میعاد ختم ہو رہی تھی، یا جنہیں ہنگامی بنیادوں پر وطن واپسی کے لیے اپنے پاسپورٹ کی تجدید درکار تھی۔
اس کے بعد محکمۂ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ایک سینیئر افسر نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ اس وقت ’ڈیٹا پروسیسنگ‘ میں کچھ فنی رکاوٹیں درپیش ہیں جنہیں دور کرنے کے لیے ہیڈ کوارٹر میں ٹیکنیکل ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔