Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر کی صدر عارف علوی سے ملاقات

سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد فاروق نے صدر عارف علوی اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے کی ملاقات کی۔
جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔‘
دوطرفہ تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوام کے عوام سےروابط پر مبنی ہیں۔ پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔‘
پاکستان کے صدر نے کہا کہ ’نامزد سفیر تنازع جموں و کشمیر  اور انڈیا میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو مختلف فورمز پر اجاگر کریں۔‘
احمد فاروق نے جمعرات کو وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جارحانہ مارکیٹنگ کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سعودی عرب کو زرعی مصنوعات اور ٹیکنالوجی برآمد کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے اور دونوں ممالک کو تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
نوید قمر نے نامزد سفیر کو اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
نامزد سفیر نے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سید نوید قمر کی کوششوں کو سراہا اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے وزارت تجارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ ’سفیر کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘ (فوٹو: وزارت خارجہ)

ملاقات مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئی، دونوں فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔‘
اس کے علاوہ پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی بدھ کو احمد فاروق سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’سفیر کی تعیناتی سے دونوں کے درمیان ممالک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘
ترجمان وزارت خارجہ کی ٹویٹ کے مطابق ’انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کے ساتھ مکمل تعاون پر بھی زور دیا۔‘

شیئر: