’دوستی سدا بہار‘، چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری بہت اہم ہے: پاکستان
سہ ملکی مذاکرات مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری بہت اہم ہے۔
سنیچر کو سہ فریقی مذاکرات سے قبل بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب چن گانگ سے ملاقات بھی کی جو جمعے کو پاکستان پہنچے تھے۔
دفتر خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چن گانگ سے بات چیت کے دوران اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے۔
ان کا کہنا تھا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے۔ ’ہم تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر اہم معاملے پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔ ’خطے میں خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن بھی بہت ضروری ہے۔‘
انہوں نے سی پیک کو ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔
چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے اہم ایشوز پر ساتھ دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہارہے۔
آج اسلام آباد میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں افغانستان کے وزیر خارجہ مولویامیر خان متقی بھی شریک ہو رہے ہیں۔
مذاکرات میں خطے کی مجموعی صورت حال اور مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔