Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا 14 مئی کو اسلام آباد میں101 مقامات پر عوامی اجتماعات کا اعلان

علی نواز اعوان نے اسلام آباد انتظامیہ کو عوامی اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے خط لکھا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 14 مئی کو اسلام آباد میں آئین، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کے لیے 101 مقامات پر عوامی اجتماعات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے اسلام آباد انتظامیہ کو خط کے ذریعے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
علی نواز اعوان نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ’پاکستان تحریک انصاف 14 مئی کو بروز اتوار شام 4 بجے آئین، چیف جسٹس اور عدلیہ اظہار یکجہتی کے لیے 101 مقامات پر پرامن اجتماعات منعقد کرے گی۔‘
’دستورِ مملکت اپنے آرٹیکل 15، 16، 17 اور 19 کے ذریعے شہریوں کو نقل و حرکت، اجتماع، اظہار اور ایسوسی ایشن کے بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔‘
خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس اپنے فیصلوں میں سول انتظامیہ کو عوام کے بنیادی حقوق متاثر کیے بغیر امور سرانجام دینے کا پابند کر چکی ہیں۔
علی نواز اعوان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حال ہی میں بنیادی حقوق کے حوالے سے واضح ہدایات دیں۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد آئین، چیف جسٹس اور عدلیہ سے اظہاریکجہتی کا مکمل حق رکھتی ہے۔
’14 مئی بروز اتوار شام 4 بجے چیئرمین عمران خان کی کال پر 101 مقامات پر پُرامن اجتماعات منعقد کریں گے۔ اسلام آباد انتظامیہ آئین کی بالادستی کے پیش نظر ان عوامی اجتماعات کی سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائے۔

عمران خان اور پرویز الٰہی کی ملاقات

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کی چیئرمین تحریک انصاف عمران سے ملاقات ہوئی جس میں ’90 روز کی آئینی مدت گزر جانے کے باوجود پنجاب میں نگران حکومت کے وجود اور فسطائیت کی شدید مذمت کی گئی۔‘
پیر کو لاہور کے زمان پارک میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کی سیاسی حکمتِ عملی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرویز الٰہی اور عمران خان نے ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

’چودھری پرویز الٰہی اور ان کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں کے خلاف جاری غیرقانونی انتقامی کارروائیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔‘
ملاقات میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور چیف جسٹس سمیت معزز عدلیہ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی پر اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف کے اعلان کردہ جلسوں اور عوامی تحریک کے لیے  بھرپور تیاریوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
عمران خان سے ملاقات سے دو روز قبل اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ عمران خان نے انہیں پنجاب میں جیت کی صورت میں وزیراعلٰی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان کو لکھ کر دے دیا تھا، دستخط کر دیے تھے اور شناختی کارڈ لگا دیا تھا کہ اسمبلی توڑنے کی تاریخ خود لکھ لیں۔ ہم نے ان کی عزت کی اور انہوں نے بھی ہماری عزت کی اور کہا کہ آپ پارٹی کے مرکزی صدر بن جائیں اور پھر مونس الہیٰ یا آپ میں سے کوئی ایک وزیر اعلٰی ہو گا الیکشن کے بعد پارٹی کی طرف سے۔‘

شیئر: