Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بعض ٹوئٹر اکاؤنٹس کے فالوورز میں کمی ہو سکتی ہے، ایلون مسک کا نیا اعلان

ایلون مسک نے کہا ہے کہ غیرفعال اکاؤنٹس کو بند کر دیا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا کے امیر ترین شخص اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے صارفین کو خبردار کر دیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ان کے فالوورز میں کمی ہو سکتی ہے۔
ایلون مسک کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے ٹوئٹر میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں جن میں سرفہرست بلیو ٹک کے حوالے سے نئی پالیسی ہے۔
اس نئی پالیسی کے بعد بہت سی نامور شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک واپس لے لیا گیا ہے۔
اب ایک مرتبہ پھر ایلون مسک نے نئے احکامات جاری کیے ہیں کہ کئی سالوں سے غیر فعال رہنے والے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
اپنی ٹویٹ میں ایلون مسک نے اعلان کیا کہ ’ہم ان اکاؤنٹس کا صفایا کر رہے ہیں جن پر کئی سالوں سے کوئی ایکٹویٹی نہیں نظر آئی، اس لیے آپ کے فالوورز کی تعداد ممکنہ طور پر کم ہو سکتی ہے۔‘
ایک صارف نے ایلون مسک کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑی غلطی ہوگی کیونکہ تمام غیر فعال اکاؤنٹس پر موجود ’تاریخی‘ ٹویٹس بھی غائب ہو جائیں گی۔
ایلون مسک نے اس کے جواب میں کہا کہ یہ اکاؤنٹس آرکائیو میں موجود ہوں گے یعنی ریکارڈ کا حصہ رہیں گے۔
بلیو ٹک ہٹ جانے کے بعد کسی بھی اکاؤنٹ کے اصلی ہونے کا اندازہ لگانا مشکل ہو گیا ہے۔
بلیو ٹِک مارک اب انہی اکاؤنٹس کو جاری کیا جاتا ہے جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کے تحت سبسکرپشن پلان حاصل کیا ہوا ہے۔
ہر ملک کے صارفین کے لیے سبسکرپشن پلان کی فیس مختلف رکھی گئی ہے۔ امریکہ میں رہنے والے صارفین کو آئی او ایس یا اینڈروئیڈ موبائل فونز پر ماہانہ 11 ڈالر یا سالانہ 114.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے جبکہ ویب پر استعمال کے لیے 8 ڈالر ماہانہ اور 84 ڈالر سالانہ ہے۔ 
جبکہ پاکستانی صارفین کو سالانہ پلان کے لیے 23 ہزار 700 روپے اور ماہانہ پلان کے لیے 2 ہزار 250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

شیئر: