Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم دھرنا، کارکنوں کو خشک میوہ جات ساتھ لانے کی ہدایت

مولانا عطا الرحمان نے موقف اپنایا کہ ’ہمیں نہیں معلوم کہ کتنے دن وہاں رکنا پڑجائے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبر پختونخوا میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے پیر کی صبح 10 بجے تمام کارکنوں کو ہکلہ انٹرچینج پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم جماعتوں نے حکمت عملی طے کر لی ہے۔
صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ تمام اضلاع سے کارکن پیر 15 مئی کی صبح 10 بجے تک ہکلہ انٹرچینج پہنچ جائیں گے جہاں سے قافلوں کی شکل میں اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ ان کے مطابق ملاکنڈ اور صوابی کے کارکن ہزارہ انٹرچینج سے قافلوں میں شامل ہوں گے۔
’ہم وکلا، ڈاکٹروں، مزدوروں اور علما سمیت ہر طبقے کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ دور دراز اضلاع کے کارکن اتوار کی شام کو ہکلہ کی جانب سفر شروع کریں گے تاکہ کل وقت پر اسلام آباد پہنچ سکیں۔ 
جے یو آئی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ قافلوں کی حفاظت کے لیے انصار الاسلام کے ایک ہزار رضاکار تعینات کیے گئے ہیں جو قائدین کی سکیورٹی بھی سرانجام دیں گے۔

اسلام آباد میں احتجاج کب تک کیا جائے گا؟

اردو نیوز کے سوال پر مولانا عطا الرحمان نے موقف اپنایا کہ ’اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے سے متعلق سے کچھ کہنا قبل ازقت ہوگا ہمیں نہیں معلوم کہ کتنے دن وہاں رکنا پڑ جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کارکن احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے ساتھ خشک میوہ جات، پانی اور کپڑے ساتھ لائیں، امکان ہے کہ ہمیں کچھ دن وہاں ٹھہرنا پڑ جائے۔‘ 
مولانا عطا الرحمان نے بتایا کہ ’سپریم کورٹ کے ججوں کے رویے کے خلاف پرامن احتجاج ہو گا۔ ہم پرتشدد مظاہروں کی حمایت کرتے ہیں نہ ہی ریاستی اداروں پر حملے ہماری سیاست کا حصہ ہے۔‘
اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپ ختونخوا کے صوبائی ترجمان امجد آفریدی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کل پیپلزپارٹی کے تمام کارکن پی ڈی ایم کے احتجاج میں شریک ہوں گے۔ 

امجد آفریدی نے کہا کہ ’جوڈیشری کی زیادتی کے خلاف ہم نکلیں گے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’پشاور موٹروے سے صبح 9 بجے نکلیں گے، چارسدہ، مردان اور صوابی انٹرچینج پر جیالے قافلے لے کر ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جوڈیشری کی زیادتی کے خلاف ہم نکلیں گے اور یک آواز ہو کر اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کریں گے۔‘

کیا عوامی نیشنل پارٹی پی ڈی ایم کے احتجاج میں شامل ہو گی؟

اردو نیوز کے سوال پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ثمربلور نے موقف اپنایا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج میں اے این پی شامل نہیں ہوگی اور نہ ہی اس بارے میں دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اے این پی قیادت کو دعوت ملی تو مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

شیئر: