Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوات: مینگورہ کے سکول میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچی ہلاک، 6 زخمی

ڈی پی او کے مطابق ’زخمی بچیوں کو طبی امداد کے لیے سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے‘ (فوٹو: خیبر پختونخوا پولیس)
خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے شہر مینگورہ کے ایک نجی سکول میں تعینات پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچی ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئی ہیں۔
ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق ’سکول کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار نے وین پر فائرنگ کی جس سے ایک بچی کی جان چلی گئی جبکہ دیگر چھ بچیاں زخمی ہوگئیں۔‘
شفیع اللہ گنڈاپور نے اردو نیوز کے نامہ نگار فیاض احمد کو بتایا کہ ’فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار عالم خان کو اسلحے سمیت حراست میں لے لیا گیا۔‘
ڈی پی او سوات کا مزید کہنا ہے کہ ’پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے کہ آیا پولیس اہلکار کسی نفسیاتی مسئلے کا شکار تھا یا کوئی اور وجہ ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’زخمی بچیوں کو طبی امداد کے لیے سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔‘
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان سوات پولیس ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی، ڈسٹرکٹ پولیس افسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ وزیر نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا۔
پولیس افسران نے سیدو شریف ہسپتال میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچیوں کی عیادت کی۔
آر پی او ملاکنڈ نے ہسپتال انتظامیہ کو زیرعلاج بچیوں کو تمام سہولیات مہیا کرنے کے احکامات جاری کیے۔ 

شیئر: