Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اکشے کو ایسا کرتے دیکھا،‘ امیتابھ بچن پھنس گئے

امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ یہ تصویر فلم کی شوٹنگ کے دوران بنائی گئی تھی۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن ایک مرتبہ پھر سے دلچسپ وجہ کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔
پیر کے روز انسٹاگرام پر امیتابھ بچن نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ موٹر سائیکل پر کسی اجنبی شخص کے ساتھ سوار تھے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’سواری دینے کا شکریہ میرے دوست۔ آپ کو نہیں جانتا تھا لیکن آپ نے میری عزت رکھی اور مجھے میری منزل پر وقت پر پہنچا دیا وہ بھی برق رفتاری سے اور ناقابلِ برداشت ٹریفک جام کے درمیان۔‘
سوشل میڈیا پر اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد امیتابھ بچن کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر بیٹھنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا جبکہ ایسٹ بنگلورُو نامی ٹوئٹر ہینڈل نے تو ممبئی پولیس کو بھی ٹیگ کر دیا۔
ایسٹ بنگلورُو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’موٹر سائیکل پر بیٹھے دونوں افراد نے ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے۔ براہ کرم اس کا نوٹس لیں۔‘

بغیر ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل پر سواری کے تنازع کے بعد امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں اس بارے میں لکھا کہ ’اس بات کی حقیقت یہ ہے کہ یہ ممبئی کی گلیوں میں واقع شوٹنگ کی جگہ ہے۔‘
وہ اپنے بلاگ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’یہ اتوار کا دن ہے، بلارڈ سٹیٹ میں شوٹنگ کرنے کے لیے باضابطہ اجازت لی گئی تھی کیونکہ اس دن تمام دفاتر بند ہوتے ہیں اور لوگ اور ٹریفک نہیں ہوتی۔ علاقے کی ایک لین کو پولیس نے بند کیا ہوا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنی کریو ممبر کے ساتھ بائیک پر بیٹھ کر مزے کر رہا تھا۔ ہم کہیں جا بھی نہیں رہے تھے۔ لیکن میں یہ تاثر دے رہا تھا کہ میں اس پر بیٹھ کر وقت بچا رہا ہوں۔‘
وہ اس بارے میں مزید کہتے ہیں کہ ’لیکن ہاں، میں ایسا کروں گا بھی اگر مجھے کہیں وقت پر پہنچنا پڑے اور میں ایسا کرنے والا واحد بندہ نہیں ہوں گا۔ میں نے اکشے کمار کو وقت پر پہنچنے کے لیے ایسا کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ وہ ہیلمٹ پہن کر اپنے سکیورٹی والے شخص کی بائیک پر بیٹھ کر آئے اور انہیں کسی نے پہچانا بھی نہیں۔‘

شیئر: