Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان سے یوکرینی صدر اور دیگر رہنماؤں کی ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعے کو جدہ میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ملاقات کی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مسائل اور سعودی عرب اور یوکرین کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا ہے۔ 
سعودی ولی عہد نے اس موقع پر یوکرینی صدر سے کہا کہ ’سعودی عرب یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لیے کی جانے والی ہر بین الاقوامی کوشش کا حامی ہے اور چاہتا ہے کہ بحران کے حل کےلیے کوششیں جاری رہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب بحران سے جنم لینے والے انسانی مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش بھی رکھے گا‘۔ 
یوکرینی صدر نے مشرق وسطی اور دنیا بھر میں سعودی عرب کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔
قبل ازیں عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب میں یوکرینی صدر نے کہا کہ ’ امید ہے سربراہ کانفرنس میں شریک تمام عرب قائدین انصاف اور امن کے لیے کوشش کریں گے‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’جنگ کا انتخاب ہماری عوام کا نہیں۔ یوکرینی عوام کو امید ہے کہ آپ ان کی اور ان مسلمانوں کی جو انہی میں سے ہیں مدد کریں گے۔‘ 
یوکرینی صدر نے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سعودی عرب کی ثالثی پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ 
یوکرینی صدر سے ولی عہد کی ملاقات کے موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، کھیلوں کے وزیر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود،  وزیر نیشنل گارڈ شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان اور وزیر خزانہ محمد الجدعان بھی موجود تھے۔ 
الاخباریہ چینل کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان سے عرب سربراہ کانفرنس ہال جدہ میں شامی صدر بشار الاسد، فلسطینی صدر محمود عباس، تیونس کے صدر قیس سعید، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر منصور بن زاید آل نہیان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی ملاقات کی۔ 
عرب قائدین اور سعودی ولی عہد نے کانفرنس ہال میں یادگاری تصاویر بنوائیں۔

شیئر: