Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل ڈوڈل کا حصہ بننے والے سعودی ناول نگار کون؟

عبدالرحمن منیف اردنی دارالحکومت عمان میں پیدا ہوئے تھے (فوٹو: العربیہ)
سرچ انجن گوگل نے سعودی عرب کے ناول نگارعبدالرحمن منیف کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل ڈوڈل جاری کیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق گوگل کا کہنا ہے کہ’ سعودی ناول نگار، ناقد، دانشور اور صحافی عبدالرحمن منیف کی یاد میں ڈوڈل جاری کیا  ہے‘۔ 
عبدالرحمن منیف سے متعلق گوگل کا ڈوڈل متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن، عراق، مصر، لیبیا، الجزائر اور مراکش میں دیکھا گیا۔ 
گوگل نے سعودی ناول نگار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختصر سا پیغام بھی جاری کیا جس میں تحریر تھا ’عبدالرحمن منیف کا یوم پیدائش مبارک، آپ نے عربی ادب کی گرانقدر خدمات انجام  دیں،عرب ادب میں آپ کے تعاون، سماجی و سیاسی مسائل کے تجزیے کےلیے آپ کا شکریہ‘۔ 
عبدالرحمن منیف کون ہیں؟
سعودی ناول نگارعبدالرحمن منیف 1933 میں اردنی دارالحکومت عمان میں پیدا ہوئے، ان کے والدین سعودی تھے۔
انہوں نے ابتدائی اور یونیورسٹی کی سطح کی تعلیم اردن میں حاصل کی۔ 1952 میں قانون کی تعلیم کےلیے بغداد یونیورسٹی گئے اور پھر قاہرہ یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کی۔
1961 میں یونیورسٹی آف بلغراد سے پٹرولیم اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ عملی زندگی کے آغاز میں بغداد میں آئل انڈسٹری میں ماہر اقتصادیات کے طور پر کام کیا بعد ازاں شام اور اوپیک میں تیل کی وزارتوں کے لیے کام کیا۔
عراق میں قیام کے دوران وہ ایک ماہنامہ کے مدیر رہے۔ انہیں بچپن سے ہی ادب اور لکھنے سے دلچسپی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ادب کا کام شعور بیدار کرنا ہے۔
عبدالرحمین منیف نے اپنی پہلی کتاب منظر عام پر آنے سے قبل کئی مختصر کہا نیاں بھی لکھی ہیں۔
1973 میں اپنا پہلا ناول شائع کیا۔ ان کی کتاب نمک کے پانچ شہر سب سے معروف ہے جس می انہوں نے بتایا کہ تیل کے دورمیں عرب دنیا کیسے بدلی۔
عبدالرحمین منیف کے پندرہ ناولوں اور افسانوں کا دس سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے اپنی تحریروں کے لیے کئی ایوارڈ بھی حاصل کیے۔

شیئر: