Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الفجیرہ: پہاڑی مہم جوئی پر پابندی، خلاف ورزی پرجرمانہ 

شدید گرمی کے موسم میں ’لو‘ لگنے کا امکان ہوتا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ نے ماہ رواں جون سے لے کر اطلاع ثانی تک پہاڑوں پر سیر کے لیے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق الفجیرہ میں مہم جوئی کے مرکز نے پرمٹ ہولڈر کمپنیوں اور افراد کو تاکید کی گئی ہے کہ شدید گرمی میں کوئی شخص بھی کوہستانی علاقے میں نہ جائے۔ شدید درجہ حرارت کی وجہ سے کوہستانی علاقے میں جانے والے لو کا شکار ہو سکتے ہیں۔ 
الفجیرہ مہم جوئی مرکز کے ڈائریکٹر عمرو زین الدین نے کہا کہ ان دنوں کوہ پیمائی کی تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ تمام متعلقہ کمپنیوں اور افراد کو اس سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور تنبیہہ کی گئی ہے کہ شام کے وقت بھی الفجیرہ کے کوہستانی علاقے میں جانے کی کوشش نہ کی جائے۔ 
الفجیرہ مرکز نے خبردار کیا ہے کہ کوہستانی دروں سے گزرنے یا کوہ پیمائی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظررکھی جائے گی۔ پہلی بار خلاف ورزی پر انسپکٹرز کی جانب سے سمجھانے اور آگاہ کرنے کا اہتمام کیا  جائے گا۔ دوبارہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔ فی کس پچیس ہزار درہم جرمانہ ہو گا۔ خلاف ورزی بار بار کرنے پر جرمانے کی رقم بڑھا کر پچاس ہزار درہم کردی جائے گی اور اگر کوئی کمپنی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئی تو الفجیرہ میں اس کی سروس مکمل طور پر معطل کر دی جائے گی۔ 

شیئر: