دبئی میں کاروبار کے نام پر 86 افراد سے دھوکہ، عرب نژاد یورپی گرفتار
کمپنی میں سرمایہ کاری کےلیے بھاری منافع کا لالچ دیا گیا ( فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نےکاروبار کے نام پر 86 افراد کو دھوکہ دینے کے الزام میں ایک عرب نژاد یورپی شہری کو گرفتار کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس نے بیان میں کہا کہ’ 86 افراد نے ایک کمپنی کے ذمہ داران کے خلاف شکایات درج کرائی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد کمپنی کے مالک کو دھوکہ دہی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے‘۔
’کمپنی کا مالک عرب نژاد یورپی شہری ہے جبکہ ایک اور عرب شہری کی گرفتاری کےلیے کارروائی کی جارہی ہے جس نے کمپنی کا اندراج اپنے نام سے کرایا تھا‘۔
ایک خاتون نے پولیس سٹیشن پہنچ کر رپورٹ درج کرائی جس میں کہا گیا کہ’ ایک شخص نے سرمایہ کاری کے لیے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ ایک کمپنی کا ملازم ہے جو اہم شخصیت کی ہے۔ ابتدا میں ماہانہ تین ہزار درہم منافع پر پچاس ہزار درہم کی سرمایہ کاری کی‘۔
خاتون نے بتایا کہ’ دو ماہ تک منافع کی رقم ملتی رہی پھر مزید سرمایہ کاری کے لیے رابطہ کیا گیا جس پر مزید پچاس ہزار درہم جمع کرائے‘۔
خاتون کے مطابق’ اسے بھاری منافع کی پیشکش پر ابتدا میں شک ہوا مگر پھر پرآسائش علاقے میں کمپنی کی شاندار عمارت دیکھی تو مطمئن ہوگئی‘۔
’اب معلوم ہوا کہ کمپنی کا جو مالک گرفتار ہوا ہے وہ اپنی کمپنی ایک ملازم کے ہاتھوں فروخت کرچکا ہے۔ کمپنی کا نام بھی ایک بار سے زیادہ مرتبہ تبدیل کرکے لوگوں کو دھوکہ دیا گیا‘۔
خاتون نے بتایا کہ’ کچھ دنوں بعد کمپنی کے ایک اہلکار نے رابطہ کرکے اپنی رقم واپس لینے کے لیے دفتر پہنچنے کے لیے کہا گیا‘۔
’دفتر پہنچنے پر پتہ چلا کہ کمپنی کا ایک عہدیداررقم لے کر فرار ہوگیا ہے۔ دفتر میں اور بھی بہت لوگ اپنی رقم حاصل کرنے کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔ کئی لوگوں کو بوگس چیک دیے گئے۔ متاثرین کی تعداد 86 سے زیادہ ہے‘۔