Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام اور عراق کے لیے امریکہ 15 کروڑ ڈالر امداد دے گا

امریکہ کی جانب سے یہ امداد 60 کروڑ ڈالر سے زائد کی نئی فنڈنگ ​​کا حصہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
شام اور عراق کے  وہ علاقے جو شدت پسند گروپ داعش سے آزاد کرائے گئے  ہیں ان علاقوں کی بحالی کے لیے امریکہ تقریباً  15 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
امریکہ کی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ  وزارتی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر جمعرات کو یہ بات کہی ہے۔

داعش  نے شام اور عراق کے بڑے علاقوں پر کنٹرول کر رکھا تھا۔ فوٹو روئٹرز

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یہ امداد  60 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی نئی فنڈنگ ​​کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ داعش گروپ کی سرکوبی کے لیے عالمی اتحاد میں 80 سے زیادہ ممالک شامل ہیں اور اس شدت پسند گروپ کے خلاف مربوط طریقے سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
داعش گروپ نے ایک زمانے میں شام اور عراق کے بڑے علاقوں پر کنٹرول کر رکھا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ہمیں اپنے استحکام کے اہداف کے لیے پرعزم رہنا ہوگا۔

داعش کی سرکوبی کے لیےعالمی اتحاد میں 80 سے زیادہ ممالک شامل ہیں۔ فوٹو اے پی

امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے مملکت کے دو روزہ دورے میں وزارتی کانفرنس کی شریک میزبانی کی، انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقات کی اور خلیجی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
 واضح رہے کہ مملکت نے یمن میں جنگ کے خاتمے ، قطر کے ساتھ بحران حل کرنے،  ایران سے تعلقات کی بحالی اور شام کے صدر بشار الاسد کی 12 سال کے بائیکاٹ کے بعد عرب لیگ میں واپسی کا خیرمقدم کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر سفارتی کوششیں کی ہیں۔

شیئر: