Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے کے لیے پارٹی کے اندر باتیں کر رہے ہیں ان کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’جنرل کونسل کے اجلاس کو میں نے کئی بار موخر کرایا۔ ہماری جو مدت تھی وہ پوری ہو چکی تھی لیکن میں کوشش کرتا رہا کہ یہ موخر ہو جائے تاوقتیکہ نواز شریف خود پاکستان تشریف لائیں اور میں یہ امانے ان کے حوالے کر دوں۔‘
’لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر ایسا نہ ہو سکا تو اب الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی تو اس لیے آج یہ انتخاب کرایا گیا۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’نواز شریف جب پاکستان آئیں گے تو سیاسی نقشہ بدل جائے گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم نے جن حالات میں اقتدار سنبھالا تو یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ یہ پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کی مالا ہے۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ان شدید چیلنجز اور مشکلات میں اسحاق ڈار دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ان کی محنت پر دو رائے نہیں۔ اور دن رات وہ محنت کرتے ہیں، راتوں کو جاگتے ہیں۔‘
’آئی ایم ایف کا معاملہ چل رہا ہے۔ ہم آئی ایم ایف کی شرائط منظور کرنے کے لیے الٹے سیدھے ہو گئے ہیں، کیونکہ پاکستان کا عظیم تر مفاد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ شارٹ ٹرم میں ہم آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے ملک کو ترقی کی طرف لے کر چلیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’میں نے، نواز شریف نے، ہماری پارٹی نے اپنا سیاسی سرمایہ جھونک دیا، سیاست نہیں کی ریاست کو بچایا اور اتنے مشکل حالات میں یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئی ایم ایف سے اب بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، دن رات کوشش ہو رہی ہے۔ ہم اس سے نکل جائیں گے۔ اور جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے کے لیے پارٹی کے اندر باتیں کر رہے ہیں ان کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘
’اسحاق ڈار دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی صحت خراب کر لی اور انہیں باتیں کی جائیں، طعنے کسے جائیں۔‘
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف پارٹی کے بلامقابلہ صدر، مریم نواز سینیئر نائب صدر اور اسحاق ڈار صدر اوورسیز منتخب ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’اسحاق ڈار دن رات محنت کر رہے ہیں، انہوں نے اپنی صحت خراب کر لی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’شہباز شریف کوئی بھی فیصلہ نواز شریف کی منشا کے بغیر نہیں کیا‘

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود پاکستان کو چلا کر دکھایا اور ڈیفالٹ سے دور رکھا۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ اتنے مشکل حالات میں جب مہنگائی ہو، لاقانونیت ہو، جہاں سیاسی عدم استحکام ہو اور اتحادی حکومت چلانی ہو، یہ کوئی (حکومت چلانا) آسان کام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں شہباز شریف کے بارے میں جب سوچتی ہوں کہ کس مشکل سے انہوں نے اس کولیشن کو بھی چلایا، حکومت کو بھی چلایا اور پاکستان کی ڈولتی کشتی کو سہارا دیا، تو یہ میں سمجھتی ہوں کہ شہباز شریف خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ اسحاق ڈار تعریف کے مستحق ہیں اور مسلم لیگ ن کے جتنے بھی وزرا یہاں بیٹھے ہیں اور وہ بھی جو یہاں موجود نہیں ہیں، سب ان مشکل حالات میں بہتر کارکردگی پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’شہباز شریف کو ہم سب نے صدر جماعت منتخب کیا، شہباز شریف نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا صدر سمجھا۔ اور میں اس بات کی گواہی دیتی ہوں کہ شہباز شریف نے کوئی بھی بڑا یا چھوٹا فیصلہ ہمارے تاحیات قائد نواز شریف کی مرضی اور منشا کے بغیر نہیں کیا۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے مشکل ترین، بدترین مسائل کے باوجود، انتقام کے باوجود، مظالم کے باوجود، انتقام میں کوئی شخص اندھا ہو گیا تھا اس کے باوجود نواز شریف اور مسلم لیگ ن نے کبھی نہ صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑا اور نہ اعلٰی اخلاقی اقدار کا دامن ہاتھ سے چھوڑا۔
’کیا کسی نے پریس کانفرنس کی کہ ہمیں نواز شریف کی قیادت پر اعتماد نہیں ہے، ہم اپنی جماعت کو چھوڑ رہے ہیں، کیا کسی نے کبھی یہ کہا کہ ہم سیاست چھوڑ رہے ہیں؟ تو یہ مسلم لیگ ن کی قوت ہے۔ کئی آئے دھمکانے والے تبدیلیاں لانے والے، جہاں سے آئے وہی واپس چلے گئے۔‘

شیئر: