Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا آپ ہم وطنوں کو احمق سمجھتے ہیں؟‘، عدالت کا ’آدی پُرش‘ کے میکرز پر اظہار برہمی

پیٹیشن میں لکھا گیا ہے کہ ’اس فلم کے ڈائیلاگز ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں‘ (فائل فوٹو: آدی پُرش، بینر)
بالی وُڈ کی نئی فلم ’آدی پُرش‘ اپنی ریلیز کے بعد تنازعات کا شکار ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق الہ آباد کی عدالت نے آدی پُرش کے میکرز کو فلم کے ڈائیلاگز کے ذریعے عوام کے جذبات مجروح کرنے کا موردِ الزام ٹھہرایا ہے۔
عدالت نے فلم کے معاون رائٹر منوج منتشر شکلا کو کیس میں فریق بناتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کے اندر جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت میں آدی پُرش فلم پر پابندی لگانے کی پیٹیشن کی سماعت ہوئی، جس کے مطابق یہ فلم ہندو مذہب کے تاریخی واقعے رامائن پر مبنی ہے۔
پیٹیشن میں لکھا گیا ہے کہ ’اس فلم کے ڈائیلاگز ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں۔ رامائن ہمارے لیے بہت مقدس ہے۔‘
اس پر بینچ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ’اگر ہم اس پر بھی آنکھ بند کر لیں کیونکہ یہ کہا جاتا ہے کہ اِس مذہب کے لوگ بہت برداشت کرنے والے ہیں، تو کیا اس چیز کو آزمایا جائے گا؟‘
الہ آباد عدالت نے سینسر بورڈ کے سوال اُٹھایا کہ کیا انہوں نے اپنی ذمہ داری ٹھیک طرح سے ادا کی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ’یہ بہت اچھی بات ہے کہ اس فلم کے بعد عوام نے قانون کو نہیں توڑا۔ کچھ مناظر اے کیٹیگری (عریاں) کے ہیں، ایسی فلمیں دیکھنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔‘
اس موقعے پر ڈپٹی سولیسٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ قابلِ اعتراض ڈائیلاگز کو فلم سے نکال دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے اُن سے کہا کہ وہ سینسر بورڈ سے پوچھیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔
عدالت نے اس موقعے پر کہا کہ ’صرف اس چیز سے کام نہیں چلے گا۔ آپ مناظر کے ساتھ کیا کریں گے۔ ہدایات دیکھیں، پھر ہم وہ کریں گے جو چاہیں گے۔‘
’اگر فلم کی نمائش روک دی جاتی ہے تو جن لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، انہیں کچھ سکون ملے گا۔‘
جب اس بات پر بحث کی گئی کہ فلم میں لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے ’ڈِسکلیمر‘ ڈالا گیا ہے تو اس پر بینچ نے کہا کہ ’جو لوگ ڈِسکلیمر ڈالتے ہیں کیا وہ اپنے ہم وطنوں اور نوجوانوں کو احمق سمجھتے ہیں؟ ہم نے دیکھا ہے کہ لوگ تھیٹر میں گئے ہیں اور فلم کو بند کیا گیا ہے۔ شکر کریں، کوئی تھوڑ پھوڑ نہیں ہوئی۔‘
خیال رہے آدی پُرش کی مرکزی کاسٹ میں سیف علی خان، پربھاس، کریتی سینن شامل ہیں جبکہ اِس کی ہدایتکاری اوم راؤٹ نے کی ہے۔

شیئر: