ٹوئٹر نے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کو نئی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز لانچ کرنے پر دھمکی آمیز خط بھیجا ہے جس میں اس کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوئٹر کے وکیل ایلکس سپیرو کی جانب سے بھیجے گئے خط میں میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ٹوئٹر کے سابق ملازمین کی خدمات حاصل کیں جو کمپنی کی خفیہ معلومات اور تجارتی راز رکھتے تھے اور ابھی بھی رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
دوسری جانب ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے اسی حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’مسابقت ٹھیک ہے لیکن دھوکہ دہی ٹھیک نہیں۔‘
خیال رہے کہ جمعرات کو میٹا نے نئی سوشل میڈیا ایپ لانچ کی تھی جس پر ایک دن میں ہی 3 کروڑ سے زائد صارفین اپنا اکاؤنٹ بنا چکے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ٹوئٹر اپنے انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس یعنی املاک دانش کے حقوق سختی سے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور میٹا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ٹوئٹر کے تجارتی راز یا دیگر انتہائی خفیہ معلومات کا استعمال روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔‘
میٹا کی ترجمان نے تھریڈز پر پوسٹ میں کہا کہ سوشل میڈیا ایپ کی انجینیئرنگ ٹیم میں ٹوئٹر کا کوئی سابق اہلکار شامل نہیں ہے۔
ٹوئٹر کے ایک سابق اہلکار نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی سابق ساتھی کے تھریڈز پر کام کرنے یا میٹا کا حصہ ہونے کے حوالے سے معلومات نہیں ہیں۔
Competition is fine, cheating is not
— Elon Musk (@elonmusk) July 6, 2023