Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگلے پانچ برس میں خلیجی ممالک سے 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع : شہباز شریف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سرسبز بنانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اگلے پانچ برس اس کے گرین اینیشی ایٹو کے لیے خلیجی ممالک سے 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو اسلام آباد میں زراعت اور غذائی تحفظ کے عنوان سے منعقد سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’خلیجی ممالک نے گرین اینیشی ایٹو میں سرمایہ کاری کے حوالے سے فراخدلانہ رویے کا اظہار کیا ہے اور گزشتہ ہفتے ان ممالک کے سفیروں کو اس بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں خلیجی ممالک کی ’گرین باسکٹ‘ بننے کی صلاحیت موجود ہے۔‘
’اس وقت خلیجی ممالک لگ بھگ 40 ارب ڈالر کی خوراک سے متعلق اشیا درآمد کرتے ہیں جن میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے۔‘
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان کی معیشت کے لیے زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’حکومت ملک میں زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت حال ہی میں قائم سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) سے زراعت کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں کی مکمل استعداد سے فائدہ اٹھائے گی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گرین پاکستان انیشی ایٹیو پاکستان کے لیے دوسرا بڑا گرین ریولوشن ثابت ہو گاجو ملک کے لیے ترقی کی راہیں کھولے گا۔‘
بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے سیمینار کے شرکاء کو یقین دلایا کہ فوج ایس آئی ایف سی کے تحت تمام حکومتی اقدامات جیسا کہ گرین پاکستان انیشی ایٹیو میں پاکستانی قوم کی امنگوں پر پوری اترے گی۔‘
سیمینار میں وفاقی وزراء، سندھ اور پنجاب کے وزراء اعلیٰ، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، زرعی ماہرین، اعلیٰ عسکری افسران اور کسانوں نے شرکت کی۔
اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے زراعت اور لائیو سٹاک کی نمائش کا دورہ بھی کیا۔

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی: آرمی چیف

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سرسبز بنانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اسکی ترقی میں حصہ ڈالیں۔ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی کے ساتھ اس مرحلے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔‘
آرمی چیف نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کیلئے دو ہی حالتیں ہیں جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے  جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے۔‘

 

شیئر: