Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ایک کروڑ انڈین روپے مالیت کا بیل ریسکیو

ریسکیو کیے گئے بیل کی مالیت ایک کروڑ انڈین روپے ہے (فوٹو: ٹوئٹر این ڈی آر ایف)
انڈیا کی نیشنل ڈیزاسٹر رسپارنس فورس (این ڈی آر ایف) نے ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے تین مویشیوں کو بچا لیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق سنیچر کو نوئیڈا میں بچائے گئے ان مویشیوں میں مشہور ’پریتم‘ نسل کا ایک بیل بھی شامل تھا جس کی مالیت ایک کروڑ انڈین روپے ہے۔
این ڈی آر ایف کی آٹھویں بٹالین نے ایک ٹویٹ میں ریسکیو آپریشن کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
انہوں نے کہا کہ ’این ڈی آر ایف کی آٹھویں بٹالین نے نوئیڈا میں تین مویشیوں کو بچایا ہے۔ ان میں انڈیا کا نمبر 1 بیل ’پریتم‘ بھی شامل ہے جس کی مالیت ایک کروڑ انڈین روپے ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں (لوگوں کی) جانیں بچانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں۔‘
انتظامیہ اور پولیس کے سینیئر حکام نے جمعرات کو نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں دریائے یمنا کے کنارے نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا اور پھنسے ہوئے جانوروں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشنز کیے۔
انڈین نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جمعرات سے اب تک پانچ ہزار 974 جانوروں جن میں مویشی، کتے، خرگوش، بطخ، مرغ وغیرہ کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

شیئر: