Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ کے صدر اردوغان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ترکیہ کے صدر سعودی، ترک بزنس فورم میں شرکت کریں گے (فوٹو: ایس پی اے)
ترکیہ کے صدر طیب رجب اردوغان پیر کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے ہیں۔ وہ سعودی، ترک بزنس فورم میں شرکت کے بعد امارات اور قطر بھی جائیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترکیہ کے صدر کا خیرمقدم کیا۔
کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر جدہ گورنریٹ کے سیکریٹری صالح بن الترکی، مکہ ریجن کے پولیس ڈائریکٹر میجر جنرل صالح الجابری، ترکی میں سعودی عرب کے ناظم الامور محمد بن یوسف الحربی اور سعودی عرب میں ترکی کے سفیر فتح اولو صوی اور مکہ ریجن میں رائل پروٹوکول کے ڈائریکٹر احمد عبداللہ بن ظافر بھی موجود تھے۔
عرب نیوز کے مطابق طیب رجب اردوغان نے استنبول سے روانگی سے قبل کہا کہ ’ہمارے ان دوروں کا بنیادی ایجنڈا ان ممالک کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری اور آنے والے دنوں میں تجارتی سرگرمیاں ہیں۔‘
علاوہ ازیں سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے سعودی، ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں ایک منفرد اقتصادی اور سرمایہ کاری کا ماحول ہے۔‘
’سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔‘

شیئر: