عراق : سنگدل عورت نے سوتیلے بیٹے کو نمک کھلا کرقتل کردیا
سوشل میڈیا بچے کے والد کوبھی سزا دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
عراق میں ایک عورت نے سات سالہ سوتیلے بیٹے کو انتہائی اذیت دیتے ہوئے قتل کردیا۔ ملزمہ نے کم سن لڑکے کو زبردستی ایک کلو سے زیادہ نمک کھانے پرمجبور کیا۔ کھانے سے انکار پرسوتیلی ماں اسے تیز دھار آلے سے زخمی کرتی رہی۔
اخبار 24 کے مطابق قتل کا یہ ہولناک واقعہ عراق کے شہر بغداد میں پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے نہ صرف ملزمہ بلکہ مقتول کے والد کو بھی ملزم قرار دیتے ہوئے اسے لاپروہی برتنے پرسزا کا حقدار ٹہرایا۔
بغداد پولیس نے اس حوالے سے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کو انتہائی بے دردی سے زخمی کرکے قتل کیا گیا ۔ مقتول کے جسم پرتیز دھارآلے کے بے شمار زخم تھے جبکہ بجلی کا کرنٹ لگانے کے بھی نشانات واضح تھے۔
مقتول بچے کے معدے سے نمک کی بڑی مقدار کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لوگوں کا شدید رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے۔ بڑی تعداد میں صارفین نے ملزمہ کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ بیٹے کے بارے میں لاپرواہی برتنے پر اسکے والد کا بھی محاسبہ کیا جائے جس نے بچے کی خبرگیری میں کوتاہی برتی تھی۔
دریں اثنا العین نیوز کے مطابق مقتول بچے ’موسی‘ کی تصاویر عراق میں سوشل میڈیا پروائرل ہورہی ہیں اس حوالے سے صارفین کا کہنا ہے کہ کم سن بچے کی قاتلہ کو سخت سزا دی جائے۔
پولیس ملزمہ سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
اس ضمن میں عراقی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ ملزمہ امن عامہ کے ادارے سے منسلک ہے تاہم ابھی تک قتل کی وجہ کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔