Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج رہنما گائیڈ: عازمینِ حج کن امور کا خیال رکھیں؟

عازمین کے لیے ہر وقت امدادی ٹیمیں سرگرم ہوتی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارتِ حج کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ضیوف الرحمان یعنی رب تعالیٰ کے مہمانوں کی بہتر سے بہتر خدمت کی جائے تاکہ وہ آرام و سکون سے اس عظیم فریضے کے ارکان و واجبات کو ادا کریں۔
حج بنیادی طور پر جسمانی عبادت ہے جس میں مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزذلفہ) میں قیام کرنا۔ رمی کے لیے تینوں دن جمرات کے مقام پر جانا۔ میدان عرفات میں سارا دن قیام کرنا اور شام ہوتے ہی مزدلفہ کی جانب روانہ ہونا۔ یہ تمام عمل جسمانی مشقت پر مبنی ہیں۔
عازمین حج کی بہتر خدمت کے لیے ’برنامج خدمت ضیوف الرحمن‘ وہ مرکزی پلیٹ فارم ہے جس میں تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے شریک ہیں۔ پروگرام کے تحت تمام وزارتوں اور اداروں کو جامع ہدایت ہے کہ ’اللہ کے ان مہمانوں کو ہر طرح سے خدمت کی جائے۔
پروگرام کے اہداف پر عمل کرتے ہوئے وزارتِ صحت ہر برس مختلف منصوبے جاری کرتی ہے تاکہ عازمینِ حج کو دوران حج اس بات سے آگاہ کیا جائے کہ حج کے دوران اپنی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے کن احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ضروری ہے۔
سالِ رواں وزارتِ صحت نے اردو سمیت آٹھ زبانوں میں حج رہنما گائیڈ جاری کی ہے۔ پی ڈی ایف کی صورت میں جاری کی گئی گائیڈ بک کو بآسانی ڈاون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
عازمین حج کن امور کا خیال رکھیں
گائیڈ بک میں عازمین کے لیے بنیادی و  اہم احتیاطی تدابیر کو بیان کیا گیا ہے جس کا آغاز سفرِ حج کی تیاریوں سے ہوتا ہے۔ حج کے سفر پر روانگی سے قبل جسمانی صحت کے بارے میں یقین دہانی کرنے کے لیے طبی مشورہ کرنے کی خاص طور پر ہدایت کی گئی ہے جیسا کہ اس سے قبل کہا جاچکا ہے کہ ’حج جسمانی عبادت ہے۔

عازمین کی صحت کے لیے آگہی کے مختلف منصوبے ترتیب دیے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

رہنمائی کا دوسرا مرحلہ دوران حج کے بارے میں ہدایات پر عمل کرنے کا ہے۔ سب سے اہم نکتہ جسمانی صحت و صفائی کا خیال رکھنا کا ہے۔ مشاعر مقدسہ میں رہنے کے دوران براہ راست تیز دھوپ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے، لو لگنے کی صورت میں کیا ہوتا ہے اور اس سے بچاؤ کس طرح کیا جائے۔

عازمین حج کی بہتر خدمت کے لیے ’برنامج خدمت ضیوف الرحمن‘ مرکزی پلیٹ فارم ہے (فوٹو:وزارت حج)  

 عازمین حج کو اپنے سفرِ حج کے آغاز سے اختتام تک خوراک کے حوالے سے سب سے اہم نکتے کو مد نظر رکھنا چاہیے، ہمیشہ تازہ اور اچھی خوراک استعمال کریں، کھانا شروع کرنے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں، ایسا کھانا جو بغیر حفاظتی تدابیر کے رکھا گیا ہو یا گرمی میں کافی دیر باہر رہنے سے خراب ہو گیا ہو اسے قطعی استعمال نہ کریں۔
یاد رکھیں کہ سفرِ حج جسمانی مشقت ہے ایسے میں اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں تاکہ خشوع و خضوع سے حج کا عظیم فریضہ بخوبی ادا کر سکیں۔

شیئر: