حرمین شریفین میں اے آئی سے لیس روبوٹ کے باعث زائرین کی سہولیات میں اضافہ
اپنے آسان انٹرفیس کے ذریعے اے آئی روبوٹ مذہبی اور تعلیمی مواد پیش کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی مذہبی امور کی صدارت نے حرمین شریفین میں زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور جدید انٹرایکٹیو سسٹمز کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس میں کثیر تعداد میں خدمات فراہم کرنے والا اے آئی سے لیس روبوٹ بھی شامل ہے جو مذہبی رہنمائی فراہم کرتا ہے اور فوری طور پر کئی زبانوں کا ترجمہ کرتا ہے۔
یہ روبوٹ ڈیجیٹل ایکوسسٹم میں رہتے ہوئے زائرین کے روحانی اور دانشمندانہ تجربے کو بڑھاتا ہے۔
اپنے آسان انٹرفیس کے ذریعے اے آئی روبوٹ مذہبی اور تعلیمی مواد پیش کرتا ہے جس میں مقامات کے بارے میں معلومات اور حرمین شریفین میں ملنے والی خدمات بھی ہیں جبکہ یہ روبوٹ کئی مذہبی سوالات کے جوابات دیتا ہے اور فوری طور پر ترجمے کی سہولت فراہم کرتا ہے جس سے مختلف ممالک اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے زائرین رابطے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام حرمین شریفین کی جانب سے اعتدال پسندی اور رواداری کو فروغ دینے کے عالمی پیغام کی عکاسی کرتا ہے۔
