دراندازی کی کوشش، ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ چار افراد گرفتار: کویتی وزارت داخلہ
بوبیان جزیرے میں مبینہ دراندازی پر احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
کویت کی وزارتِ داخلہ نے دعوی کیا ہے کہ ’ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے سمندر کے راستے خلیجی ریاست میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا نے منگل کو بیان میں کہا کہ’ دراندازوں کے ساتھ جھڑپ میں کویت کی مسلح افواج کا ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔‘
کویت نے ایران سفیر کو طلب کرکے بوبیان جزیرے میں مبینہ دراندازی پر احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔
کویت نے اس واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ’ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنی خود مختاری کے دفاع کا حق رکھتا ہے۔‘
علاوہ ازیں کویتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’ مسلح افواج کے ہاتھوں گرفتار ایرانی بحریہ کے چار اعلی عہدیداروں نے پاسداران انقلاب کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعتراف کیا ہے۔‘
وزارت داخلہ نے دعوی کیا’ زیر حراست افراد ایرانی بحریہ کے افسران ہیں۔ ان میں دو کرنل، ایک کیپٹن اور ایک سیکنڈ لیفٹیننٹ ہے۔‘
’دوران تفتیش اعتراف کیا کہ انہیں پاسداران انقلاب نے یکم مئی کو کویت کے خلاف دشمنانہ کارروائیوں کا کام سونپا تھا۔ بویان جزیرے میں دراندازی کےلیے ایک ماہی گیر کشتی کرائے پر حاصل کی گئی۔‘
کویتی مسلح افواج کے ساتھ جھڑپ میں اس کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ دو نیول افسران جو کشتی کے کمانڈر تھے جھڑپ کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
