Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصرمیں سنگدل ماں ہی بیٹی کی قاتلہ نکلی 

بیٹی سے جان چھڑانے کے لیے نیند کی گولیاں جوس میں ملا دیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
مصر میں نشے کی عادی ایک سنگ دل عورت نے اپنی پانچ  سالہ بیٹی کی جان لے لی۔ ملزمہ بلو ایلیفینٹ نامی گولی کے نشے کی عادی تھی۔ 
بیٹی سے جان چھڑانے کے لیے اسے نیند کی گولیاں جوس میں ملا کر دیے اور خود نشہ کر کے بے خود ہو گئی۔ ہوش آنے پر پولیس کو بتایا کہ بیٹی نے دوائی کھا لی تھی۔
ایک مقامی مصری اخبار یوم 7  کے مطابق قاھرہ میں رہنے والی ایک عورت نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی بیٹی ہلاک ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور نعش اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

ملزمہ بلو ایلیفینٹ نامی نشہ کی عادی تھی ۔ فوٹو صدی نیوز 

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ نشہ آور گولیاں بتائی گئی تھی۔ پولیس کو عورت کے بیان پر یقین نہیں آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمہ کی شوہر سے علیحدگی ہو گئی تھی اور وہ اپنی 5 سالہ بیٹی کے ہمراہ تنہا مقیم تھی۔
ملزمہ کے بارے میں جب پولیس کو معلوم ہوا کہ وہ فارمسسٹ ہے اور مخصوص نشے کی عادی ہے تو قتل کے شبہہ میں تحقیقات کا رخ اس کی جانب موڑ دیاگیا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ ملزمہ پولیس کی تحقیقات کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹہر سکی اور اس نے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کی ذمہ داریوں سے تنگ آچکی تھی اس لیے اسے جوس میں نیند کی گولیاں دے کر پلا دیا اور خود نشہ کر کے بے خود ہو گئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمہ کے خون کا ٹیسٹ لیا گیا تو اس سے بھی تصدیق ہو گئی کہ ملزمہ نشے کی عادی ہے اور کثرت سے نشہ آور گولیاں استعمال کرتی ہے۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف قتل عمد کا  چالان  دائر کر کے اسے پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کے حوالے کر دیا جہاں اس پر باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے گا۔

شیئر: