وسطی قاہرہ میں وزارت اسلامی کی تاریخی عمارت میں آتشزدگی
وسطی قاہرہ میں وزارت اسلامی کی تاریخی عمارت میں آتشزدگی
ہفتہ 5 اگست 2023 20:14
عمارت کا جائزہ لینے کےلیے انجیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
مصری دارالحکومت قاہرہ میں سنیچرکو وزارت اسلامی کی تاریخی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔
ملازمین چند دن قبل قاہرہ سے 45 کلو میٹر دور مشرق میں نئے انتظامی دارالحکومت میں وزارت کی نئی عمارت میں منتقل ہوئے تھے۔
روئٹرز نے اپنے نامہ نگار کے حوالے سے بتایا کہ ’آگ بظاہر وسطی قاہرہ میں وزارت اسلامی کی عمارت جسے اوقاف بھی کہا جاتا ہے کی اوپری منزل تک محدود دکھائی دی تاہم دوسری منزل کی کھڑکی سے بھی آگ کے شعلے نکلتے دکھائی دیے‘۔
وزارت کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ ’آتشزدگی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجوہ اور نقصان کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے‘۔
قاہرہ کے گورنر کہا کہ’ شہری دفاع نے آگ پر قابو پالیا، آگ کو دوبارہ بھڑکنے سے روکنے کےلیے کولنگ کا عمل جاری ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کا جائزہ لینے کےلیے انجیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے‘۔
وزارت کی عمارت کا مرکزی حصہ 1898 میں تعمیر گیا تھا جس میں دونوں طرف سے 1912 اور1927 میں توسیع کی گئی۔