Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھارتیا جنتا پارٹی کی رہنما ثنا خان کے قتل کے الزام میں ان کے شوہر گرفتار

پولیس کے مطابق ثنا خان کے شوہر کے ساتھ ایک اور شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جے پی) کی ناگ پور سے تعلق رکھنے والی رہنما ثنا خان کے قتل کا الزام میں ان کے شوہر امیت ساہو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی نے مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ثنا خان کے لاپتا ہونے کے دس دن بعد ان کے شوہر امیت ساہو کو جمعہ کے روز ریاست مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور سے گرفتار کیا گیا۔
ناگ پور پولیس کی ایک ٹیم نے جبل پور کے علاقے گھوڑا بازار سے ایک دوسرے شخص کے ساتھ ان کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پولیس کے مطابق ’امیت ساہو نے اپنے جُرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔‘
اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ’ملزم امیت ساہو نے اپنی اہلیہ ثنا خان کی نعش کو دریا میں پھینک دیا تھا، تاہم پولیس کے مطابق ’مقتولہ کی نعش تاحال برآمد نہیں کی جاسکی۔‘
یاد رہے کہ ناگ پور کی رہائشی اور بی جے پی کے اقلیتی سیل کی رکن ثنا خان جبل پور کا دورہ کرنے کے بعد لاپتا ہوگئی تھیں۔
ان کے اہل خانہ کے مطابق ثنا خان آخری مرتبہ یکم اگست کو جبل پور میں ہی موجود تھیں جہاں وہ شوہر سے ملاقات کے لیے گئی تھیں۔
مقتولہ ایک نجی بس کے ذریعے ناگ پور سے روانہ ہوئیں اور شہر پہنچنے کے بعد اگلے روز انہوں نے اپنی والدہ کو فون کیا، تاہم کچھ دیر بعد ہی وہ لاپتا ہوگئیں۔
ناگ پور پولیس کی ٹیم ثنا خان کے قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر کے مہاراشٹر روانہ ہو گئی ہے جہاں انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

شیئر: