Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی جیت: عمران خان کو ’نظرانداز کرنے‘ پر پی سی بی تنقید کی زد میں

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1992 میں جب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا تو اُس وقت ٹیم کے کپتان عمران خان تھے. (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ملک کے 76ویں یوم آزادی پر سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی گئی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تاریخی لمحات اور کامیابیوں کو جھلکیوں کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔
اِس ویڈیو میں 1992 کے ورلڈ کپ سمیت 2009 کے ٹی20 ورلڈ کپ، 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی اور سنہ 2000 اور 2012 کے ایشیا کپ کی جھلکیاں دکھانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی بقایا بڑی فتوحات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
حیران کُن طور پر اس ویڈیو میں پاکستان کے سابق وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1992 میں جب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا تو اُس وقت ٹیم کے کپتان عمران خان تھے تاہم پی سی بی کی اِس ویڈیو میں 92 کے ورلڈ کپ کے مناظر میں عمران خان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے اور ان کی کوئی بھی تصویر یا ویڈیو شامل نہیں کی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ صارفین اور سابق وزیراعظم کے حامی پی سی بی پر برس پڑے ہیں۔
وجاہت کاظمی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’پی سی بی کے مطابق عمران خان وجود رکھتے ہی نہیں ہیں۔‘
 
حجاب زاہد نے اسی سلسلے میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کا صرف ایک ورلڈ کپ جیتنے والا کپتان ہے، صرف ایک۔‘
 
اعظم جمیل لکھتے ہیں کہ ’اس سے زیادہ مزید کتنا خوف زدہ ہوں گے؟ یہ سیاست نہیں ہے، یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ ہے۔‘
صحافی فیضان لاکھانی تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی بات کرتے ہوئے آپ عمران خان کا ذکر کرنا کیسے بھول سکتے ہیں؟‘
 
ارحم نے پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’جتنی مرضی خواہش کر لیں کہ عمران خان نے ورلڈ کپ نہ جیتا ہوتا لیکن آپ اس حقیقت کو نہیں مٹا سکتے کہ عمران خان نے پاکستان کا پہلا اور واحد ون ڈے ورلڈ کپ جیتا ہے۔‘
 
شہریار اعجاز نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’کرکٹ کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل فلاتحتاح نے مزاحیہ انداز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کرکٹ کھیلنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پی سی بی کے مطابق یہ وہ کپتان ہیں جنہوں نے 1992 کے ورلڈ کپ میں کپتانی کی تھی۔‘

شیئر: