Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا، پی سی بی کو ویڈیو ڈیلیٹ کرنی چاہیے: وسیم اکرم

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1992 میں جب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا تو اُس وقت ٹیم کے کپتان عمران خان تھے۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی متنازع ویڈیو پر شدید تنقید کرتے ہوئے اُسے ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
وسیم اکرم نے بدھ کے روز اپنی ٹویٹ میں پی سی بی کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوئنگ کے سلطان اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’طویل پروازیں لے کر سری لنکا پہنچنے کے بعد مجھے میری زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا تب لگا جب میں پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر پی سی بی کی مختصر ویڈیو دیکھی جس میں عظیم عمران خان شامل نہیں تھے۔‘
بائیں ہاتھ کے عظیم فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’سیاسی نظریات سے قطع نظر لیکن عمران خان کرکٹ کی دنیا کے آئیکن ہیں اور انہوں نے اپنے وقت میں پاکستان کو مضبوط ٹیم بنایا اور ہمیں راہ دکھائی۔‘
وسیم اکرم نے پی سی بی سے ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پی سی بی کو یہ ویڈیو ڈٰیلیٹ کر دینی چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے۔‘
 
یہاں یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے ملک کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک اعزازی ویڈیو اپلوڈ کی گئی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تاریخی لمحات اور فتوحات کو پیش کیا گیا۔
اِس ویڈیو میں 1992 کے ورلڈ کپ سمیت 2009 کے ٹی20 ورلڈ کپ، 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی اور سنہ 2000 اور 2012 کے ایشیا کپ کی جھلکیاں دکھانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی بقایا بڑی فتوحات کو بھی دکھایا گیا۔
حیران کُن طور پر اس ویڈیو میں پاکستان کے سابق وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔
 
پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1992 میں جب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا تو اُس وقت ٹیم کے کپتان عمران خان تھے تاہم پی سی بی کی اِس ویڈیو میں 92 کے ورلڈ کپ کے مناظر میں عمران خان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور ان کی کوئی بھی تصویر یا ویڈیو شامل نہیں کی گئی جس کے بعد کرکٹ شائقین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی پی سی بی پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔
 

شیئر: