سعودی وزیر حج و عمرہ کے دورہ پاکستان کا آغاز
وزیر حج کا دورہ عمرہ زائرین کی خدمات بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے گذشتہ روز ہفتے کو اطلاع دی ہے کہ وزیر حج و عمرہ کے دوروں کا مقصد عمرہ کے نظام کی ترقی اور حرمین شریفین کے زائرین کے سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات میں پیش رفت ہے۔
وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ جو عازمین حج و عمرہ کی خدمت پروگرام کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، اپنے دورے میں کئی عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیر حج کے دورے کا مقصد وژن 2030 کے اہداف کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش سے عمرہ پر آنے والوں کی آمد کے طریقہ کار کو مزید بہتر کرنے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے وزیر حج کے دورے 2022 کے اوائل میں شروع کیے گئے بین الاقوامی دوروں کی سیریز کا حصہ ہیں۔
سعودی وزیر حج کے دورے دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی حکومت کی غیر متزلزل لگن کے ساتھ عمرہ کرنے والوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مملکت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔