Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توشہ خانہ کیس: عمران خان کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیلوں کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 23 اگست کو عمران خان کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس جمال مندوخیل بھی شامل ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین اگست کے فیصلوں کو چیلنج کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے اور اختیار سماعت کا معاملہ واپس جج ہمایوں دلاور کو بھجوا دیا تھا۔
تاہم جج ہمایون دلاور نے کیس کو قابل سماعت قرار دے دیا تھا۔
5  اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔
اس وقت عمران خان اٹک جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔
دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف عمران خان کی اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
عمران خان نے اپنے اپیل میں استدعا کی تھی کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے، مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کاحکم دیا جائے اور سزا کالعدم قراردیا جائے۔
عمران خان کی اپیل چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پرمشتمل بینچ  کے سامنے زیر سماعت ہے۔

شیئر: