’مچھلی کھانے سے آنکھیں ایشوریا رائے جیسی ہوجاتی ہیں‘
پیر 21 اگست 2023 20:41
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بی جے پی کے وزیر نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ روزانہ مچھلی کا استعمال کرتی تھیں۔ (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈین ریاست مہاراشٹرا میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک وزیر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ ان کا اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی آنکھوں کی خوبصورتی کے حوالے سے کی گئی ایک تقریر ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک کلپ میں مہاراشٹرا میں بی جے پی کے وزیر وِجے کمار گاوِت کا کہنا تھا کہ ’جو لوگ روزانہ کی بنیاد پر مچھلی کھاتے ہیں ان کی جِلد نرم رہتی ہے اور ان کی آنکھیں چمکتی ہیں۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق بی جے پی کے وزیر برائے قبائلی امور کی جانب سے یہ تقریر مہاراشٹرا کے ضلع نندربار میں ایک عوامی اجتماع کے دوران کی گئی ہے۔
مچھلی کھانے کے مزید فوائد بتاتے ہوئے وِجے کمار گاوِت نے دعویٰ کیا کہ ’اگر کوئی آپ پر نظر ڈالے گا تو وہ شخص آپ کی طرف مائل ہوئے بغیر نہیں رہ پائے گا۔‘
اسی تقریر میں انہوں نے بالی وُڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی آنکھوں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خوبصورتی کی وجہ مچھلی کا استعمال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’کیا میں نے آپ کو ایشوریا رائے کے بارے میں بتایا؟ وہ منگلور میں سمندر کے قریب رہتی تھیں اور روز مچھلی کھاتی تھیں۔ کیا آپ نے ان کی آنکھیں دیکھی ہیں؟ آپ کی آنکھیں بھی ان ہی کی طرح ہوجائیں گی۔‘
وِجے کمار گاوِت کے بیان پر انڈیا میں دیگر سیاستدان بھی طنز و تنقید کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ نیشنل کانگرس پارٹی کے رہنما نے بی جے پی کے وزیر کو مشورہ دیا کہ وہ ’فضول بیانات‘ دینے کے بجائے قبائلی لوگوں کے مسائل پر توجہ دیں۔
بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نتیش رانے نے اپنی ہی پارٹی کے رہنما پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’میں مچھلی روز کھاتا ہوں۔ میری آنکھیں تو اب تک ایشوریا رائے جیسی ہوجانی چاہییں تھیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں گاوِت صاحب سے ضرور اس تحقیق کے بارے میں پوچھوں گا۔‘