بٹگرام میں چیئر لفٹ کا مالک اور آپریٹر گرفتار، مقدمہ درج
چیئر لفٹ کے کنٹرول کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں دیسی ساختہ چیئر لفٹ کے مالک اور آپریٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بدھ کو ہزارہ ڈویژن کے ڈی آئی جی طاہر ایوب نے کہا ہے کہ چیئر لفٹ کے مالک گل زرین اور آپریٹر اعجاز کے خلاف تھانہ الائی میں مقدمہ درج ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئر لفٹ کے کنٹرول کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
’ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سکول طلبہ اور مقامی لوگوں کے بیانات ریکارد کیے گئے ہیں تاہم واقعے سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔‘
دوسری جانب چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے تمام ضلعی افسران کو ایس او پیز سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں اور سیاحتی و سفری چیئر لفٹس کی جانچ پڑتال کرنے کے علاوہ حفاظتی اقدامات دیکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
صوبے میں چیئر لفٹس کی تعداد سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
منگل کی صبح چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ جانے کے باعث سکول کے بچے اور اساتذہ دریا کے اوپر 900 فٹ کی بلندی پر لفٹ میں پھنس گئے تھے۔
دن بھر ریسکیو آپریشن کے بعد رات گئے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
صوبے کے شمالی علاقوں میں پلوں اور سڑکوں کے نہ ہونے یا سفری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ڈولی یا چیئر لفٹس استعمال کی جاتی ہیں اور کچھ علاقوں میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے باعث سڑکوں اور پلوں کے منہدم ہونے کی وجہ سے بھی ان کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے مقامی آبادی کی سفری مشکلات آسان ہوئی ہیں۔
چیئر لفٹ کو مقامی زبان میں ’ڈولی‘ یا پھر کچھ علاقوں میں ’زانگو‘ بھی کہا جاتا ہے۔