Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میری موسیقی استعمال نہ کریں‘، ایمینم کی ریپبلکن اُمیدوار سے درخواست

ریپبلکن پارٹی میں امریکہ کے صدارتی اُمیدوار وویک راما سوامی نے ایمینم کی موسیقی استعمال کی تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی گلوکار ایمینم نے ریپبلکن کے صدارتی اُمیدوار وویک راما سوامی کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ اپنی صدارتی مہم کے دوران اُن کی موسیقی کا استعمال نہ کریں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق 23 اگست کو بی ایم آئی نامی تنظیم نے امریکی ریپر کی درخواست پر ایک خط کے ذریعے وویک راما سوامی کو مطلع کیا ہے کہ وہ ایمینم کی موسیقی کو مہم کے دوران استعمال کرنے کا لائسنس نہیں دے گی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایمینم نے اعتراض کیا ہے کہ وویک رامسوامی اپنی الیکشن مہم کے دوران اُن کی موسیقی کا استعمال کر رہے ہیں اور یہ درخواست کی ہے کہ بی ایم آئی معاہدے سے اُن کی موسیقی کو نکال دے۔‘
ریپبلکن کے صدارتی اُمیدوار وویک راما سوامی کی مہم چلانے والوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا ہے کہ وہ ایمینم کی موسیقی کا استعمال بند کرنے کی درخواست کی تعمل کریں گے۔
38 سالہ وویک راما سوامی ایک کاروباری شخصیت ہیں جن کا کوئی سیاسی تجربہ نہیں لیکن رائے عامہ کے کچھ جائزوں میں وہ اُبھر کر سامنے آئے ہیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت حمایتی راماسوامی کو اپنے زیادہ تجربہ کار حریفوں کی جانب سے سب سے زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ارب پتی راما سوامی اب تک گمنام رہے تھے لیکن پہلے مباحثے کے بعد ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا تھا۔
2024 کے صدارتی انتخاب کے لیے منعقدہ پہلے مباحثے میں شامل انڈین نژاد امریکی شہری وویک راماسوامی ایک ایسے شخص ہیں جنھوں نے اس سے قبل کبھی کسی عوامی عہدے کے لیے انتخاب نہیں لڑا جبکہ 2004 سے 2020 تک کے درمیان انھوں نے کسی صدارتی امیدوار کو ووٹ بھی نہیں دیا۔
راماسوامی ایک ارب پتی انڈین نژاد امریکی کاروباری شخصیت اور ایک کتاب ’ووک اِنک‘ کے مصنف بھی ہیں۔
انھوں نے 21 فروری کو ’فوکس نیوز‘ کے ایک شو میں صدارتی امیدوار کی دوڑ میں حصہ لینے کا اعلان کیا اور ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں انھوں اپنے سیاسی خیالات کا اظہار کیا۔

شیئر: