Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاپنگ مالز میں سعودائزیشن سے مرمت اور صفائی عملے کا استثنی

ریاض..... وزیر محنت وسماجی فروغ ڈاکٹر علی الغفیص نے کہا ہے کہ شاپنگ مالز میں سعودائزیشن کے فیصلے سے مرمت اور صفائی عملے کو استثنیٰ ہوگا۔ وہ جدہ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کا فیصلہ حتمی ہے تاہم اس سے فیصلے سے صفائی کارکنوں اور شاپنگ مالز میں مرمت اور صفائی عملے کواستثنیٰ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شاپنگ مالز انتظامیہ بھی سعودائزیشن سے متاثر نہیں ہوگی۔ شاپنگ مالز کی سعودائزیشن صرف دکانوں تک محدود ہے۔ وزارت محنت کے فیصلے میں صرف دکانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر محنت نے کہا کہ شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کے لئے مرحلہ وار جدول کا اجراءہوگا جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ریٹل کی دکانوں کی سعودائزیشن ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں ریستورانوں اور کھانے پینے کی دکانوں پر سعودی نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا جبکہ آخری مرحلے میں پلے لینڈ کی سعودائزیشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زنانہ ملبوسات اور اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں میں سعودی خواتین کی بھرتی کا فیصلہ اپنی جگہ برقرار ہے۔ اس میں شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کے فیصلے سے کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ شاپنگ مالز میں جہاں کہیں بھی زنانہ ملبوسات اور اشیاءفروخت کرنے والی دکانیں ہوںگی وہاں سعودی خواتین کو ہی بھرتی کیا جائے گا۔ وزیر محنت نے یاد دلایا کہ وزارت محنت نے اپریل 2017ء میں فیصلہ کیا تھا کہ مملکت کے تمام شاپنگ مالز میں سعودی نوجوان بھرتی کئے جائیں گے۔ فیصلے کے نفاذ کے بعد مالز میں غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے۔ شاپنگ مالز کے مالکان اور دکانداروں کو چاہئے کہ فیصلے کے نفاذ سے پہلے اس کے لئے تیاری کرلیں ۔ وہ اپنی ضرورت کے مطابق سعودی نوجوانوں کو ابھی سے بھرتی کرلیں تاکہ فیصلہ کے نفاذ کے وقت تک ان کی تربیت کی جاسکے ۔ فیصلے کے نفاذ کے بعد وزارت اپنی صوابدید پر نوجوان فراہم کرے گی۔

شیئر: