Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور میں انڈین شخص نے ساتھی کی اُنگلی چبا ڈالی، قید کی سزا

پراسیکیوٹر نے رینگاسامی کو 10 ماہ سے ایک سال تک جیل بھیجنے کی درخواست کی تھی (فائل فوٹو: پکسابے)
سنگاپور میں ایک پارٹی میں جھگڑے کے دوران شراب کے نشے میں دُھت ایک ساتھی کی شہادت کی انگلی کاٹنے پر ایک 40 سالہ انڈین شہری کو 10 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
دی سٹریٹس ٹائمز اخبار کی رپورٹ کے مطابق تھنگاراسو رینگاسامی، جو ایک کھدائی کرنے والے آپریٹر کے طور پر کام کرتے تھے، نے ناگورن بالاسوبرامنین کی بائیں شہادت کی انگلی کو شدید چوٹ پہنچانے کا جرم قبول کیا۔
رینگاسامی اور بالسوبرامنیم دونوں انڈین شہری ہیں۔ وہ دونوں اس واقعے کے وقت کاکی بکیت میں الگ الگ غیر ملکی کارکنوں کے ہاسٹل میں رہتے تھے۔
حملے سے کچھ دیر پہلے، 50 سالہ ناگورن اور ایک تعمیراتی کارکن راما مورتی اننتراج رواں برس اپریل میں ہاسٹل میں شراب پی رہے تھے۔
نشے میں دُھت رینگاسامی، جو ان دونوں سے تقریباً پانچ میٹر دور بیٹھے تھے، چیخنے لگے اور راما مورتی نے ان سے کہا کہ وہ اپنی آواز کم رکھیں۔
دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور ناگورن نے انہیں الگ کرنے کی کوشش کی۔ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر ڈی پی پی کائی نے کہا کہ ’جدوجہد کے دوران، (ناگورن کی) بائیں شہادت کی انگلی نادانستہ طور پر ملزم کے منہ میں داخل ہوگئی۔ ملزم نے انگلی پر زور سے کاٹا اور جانے نہیں دیا۔‘
 سنگاپور کے روزنامہ نے ڈی پی پی کے حوالے سے بتایا کہ ’ملزم اور متاثرہ شخص پھر زمین پر گر پڑے، ملزم اب بھی متاثرہ کی انگلی پر کاٹ رہا تھا۔‘
راما مورتی نے رینگاسامی کو دور کرنے کی کوشش کی، لیکن اس نے انگلی نہ چھوڑی۔
ناگورن ایک الیکٹریکل انجینیئرنگ ٹیکنیشن ہیں اور وہ آخرکار چند سیکنڈ بعد خود کو آزاد کرنے میں کامیاب ہو گئے اور دیکھا کہ ان کی انگلی سے خون بہہ رہا ہے۔
انہوں نے پولیس کو اطلاع دی اور پھر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ ناگورن کی انگلی کا کٹا ہوا حصہ نہیں مل سکا۔ ان کی انگلی جزوی طور پر کٹنے کی تشخیص ہوئی اور بتایا گیا کہ انہیں سرجری کی ضرورت ہے۔
ڈی پی پی کائی نے رینگاسامی کو 10 ماہ سے ایک سال تک جیل بھیجنے کی درخواست کی تھی۔

شیئر: