’پیٹرول ڈلوانا بند کر دیں، بجلی کٹوا دیں، غاروں میں جائیں اور شکار کریں‘
لوگوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں دائیں بازو کی پارٹی جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف چاروں صوبوں میں 21 ستمبر کو گورنر ہاؤسز کے سامنے دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو جماعت اسلامی نے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اگست میں بھی جماعت اسلامی اور تاجر برادری نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کیا تھا۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
’جماعت اسلامی بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے، چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا اعلان کیا ہے۔‘
دوسری جانب سوشل میڈیا پر پاکستان کے عوام نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
صحافی مغیث علی نے ٹویٹ کیا کہ یہ پیٹرول بم نہیں بلکہ ایٹم بم ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے اضافہ ظالمانہ اقدام ہے جس کی وجہ سے متوسط طبقہ اور غریب مزید پس جائیں گے۔
’پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے اضافہ ظالمانہ اقدام ہے جس کی وجہ سے متوسط طبقہ اور غریب مزید پِس جائے گا۔ یہ مہنگائی کا طوفان پی ڈی ایم حکومت کی غلط اور ناکام پالیسیوں کا تسلسل اور نگراں حکومت کا ان ناکام پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر عوام کا برکس بجلی، گیس ضرورت اشیاء اور پیٹرول کی شکل میں نکال رہی ہے۔ خدارا اس پسی ہوئی عوام پر رحم کرے کیونکہ یہ اور مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی۔‘
سردار عثمان ڈوگر کا کہنا ہے کہ ’پیٹرول ڈلوانا بند کر دیں۔ بجلی کٹوا دیں۔ غاروں میں چلے جائیں اور شکار کیا کریں۔‘
ساجد رفیق کا کہنا تھا کہ ’ایک اور مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔‘
صارف سکھ چینی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں پیٹرول میں اضافے کے خلاف جو ملک گیر احتجاج ہوا تھا اگر اس کا رزلٹ کسی کے علم میں ہے تو شیئر کر دیں۔
فہد نامی صارف نے کہا کہ اب 30 ہزار کمانے والا پیٹرول کے 15 ہزار الگ رکھے گا۔
جمعے کو رات گئے پاکستان میں نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ بڑا اضافہ کیا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 26 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 17 روپے 34 پیسے بڑھائی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 331 روپے 68 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے۔‘